پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

کیف انصاری کی غزلیں — Kaif Ansari Ghazals

کیف انصاری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

تیرے حسین جسم کی پھولوں میں باس ہے (غزل)

تیرے حسین جسم کی پھولوں میں باس ہے

گو وہم ہے یہ وہم قرین قیاس ہے

وہ اشک جس پہ چاندنی‌ شب کا لباس ہے

شاید کتاب غم کا کوئی اقتباس ہے

میری طرح ہر اک کو ہے چاہت اسی کی پھر

گزرے دنوں کے زہر میں کتنی مٹھاس ہے

برسوں گزر گئے مگر اب تک نہیں بجھی

کتنی عجیب ریت کے ساحل کی پیاس ہے

میری صدا کھچ اس طرح آئی ہے لوٹ کر

محسوس ہو رہا ہے کوئی آس پاس ہے

بوندیں پڑیں تو اور زیادہ ہوئی تپش

شاید اسی کا نام زمیں کی بھڑاس ہے

اپنے گھروں میں خوش ہیں چراغوں کو لے کے لوگ

کس کو خبر کہ رات کا چہرہ اداس ہے

دھندلا سا زرد ماضی کا ہو جس طرح ورق

کتنا حسین آپ کا رنگ لباس ہے

کس وقت کیفؔ ٹوٹ کے گر جائے کیا خبر

پلکوں پہ ایک حلقۂ زنجیر یاس ہے

چاند ابھرا نہ مرے جسم سے سایا نکلا (غزل)

چاند ابھرا نہ مرے جسم سے سایا نکلا

شام غم آئی تو میں گھر سے اکیلا نکلا

آج آیا ہے دریچے پہ ہوا کا جھونکا

آج کوئی تو مجھے دیکھنے والا نکلا

یہ الگ بات کہ کھلنے لگے پلکوں کے ورق

نوک لب سے نہ کبھی حرف تمنا نکلا

ہو گئے اور در و بام نظر سے اوجھل

در حقیقت یہ اجالا بھی اندھیرا نکلا

کوئی آواز تو آ جاتی کہیں سے واپس

یہ کنواں گھر کا تو اتنا بھی نہ گہرا نکلا

لوٹ جا اب مری آنکھوں میں نہیں ہیں آنسو

تو سمندر جسے سمجھا تھا وہ صحرا نکلا

مزید غزلیں از کیف انصاری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں