پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

کبیر اجمل کی غزلیں — Kabir Ajmal Ghazals

کبیر اجمل کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

افق کے آخری منظر میں جگمگاؤں میں (غزل)

افق کے آخری منظر میں جگمگاؤں میں

حصار ذات سے نکلوں تو خود کو پاؤں میں

ضمیر و ذہن میں اک سرد جنگ جاری ہے

کسے شکست دوں اور کس پہ فتح پاؤں میں

تصورات کے آنگن میں چاند اترا ہے

روش روش تری چاہت سے جگمگاؤں میں

زمیں کی فکر میں صدیاں گزر گئیں اجملؔ

کہاں سے کوئی خبر آسماں کی لاؤں میں

اپنی انا سے بر سر پیکار میں ہی تھا (غزل)

اپنی انا سے بر سر پیکار میں ہی تھا

سچ بولنے کی دھن تھی سر دار میں ہی تھا

سازش رچی گئی تھی کچھ ایسی مرے خلاف

ہر انجمن میں باعث آزار میں ہی تھا

سو کرتبوں سے زخم لگائے گئے مجھے

شاید کہ اپنے عہد کا شہکار میں ہی تھا

لمحوں کی بازگشت میں صدیوں کی گونج تھی

اور آگہی کا مجرم اظہار میں ہی تھا

تہذیب کی رگوں سے ٹپکتے لہو میں تر

دہلیز میں پڑا ہوا اخبار میں ہی تھا

اجملؔ سفر میں ساتھ رہیں یوں صعوبتیں

جیسے کہ ہر سزا کا سزا وار میں ہی تھا

مزید غزلیں از کبیر اجمل ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں