جرم محمد آبادی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
عشق ناکام کا دستور تمہیں کیا معلوم (غزل)
عشق ناکام کا دستور تمہیں کیا معلوم
تم ہو اس سے حد بہت دور تمہیں کیا معلوم
غم کی دنیا سے ہو تم دور تمہیں کیا معلوم
آہ کیوں کرتے ہیں مجبور تمہیں کیا معلوم
زخم دل خوگر آزار کا بڑھتے بڑھتے
کس طرح بنتا ہے ناسور تمہیں کیا معلوم
ختم ہونے کو ہے ہنگامۂ طوفان حیات
درد کیوں ہوتا ہے کافور تمہیں کیا معلوم
عشق سرجوش نے کیا دل پہ ستم توڑے ہیں
نشۂ حسن سے ہو چور تمہیں کیا معلوم
تم الگ ہو گئے پردے سے گرا کر بجلی
کس پہ کیا گزری سر طور تمہیں کیا معلوم
اپنے شعروں میں ادا کرکے تمہاری شوخی
ہو گیا جرمؔ بھی مشہور تمہیں کیا معلوم
دکھاوے کے لئے اعلان فیض عام ہوتا ہے (غزل)
دکھاوے کے لئے اعلان فیض عام ہوتا ہے
مگر اک خاص ہی حلقہ میں دور جام ہوتا ہے
مورخ یوں جگہ دیتا نہیں تاریخ عالم میں
بڑی قربانیوں کے بعد پیدا نام ہوتا ہے
اسی کو سوچنا پڑتی ہیں تدبیریں رہائی کی
جو طائر جرم آزادی میں زیر دام ہوتا ہے
حباب بحر کی صورت ابھرنے کی ضرورت کیا
نمود بے محل کا جب برا انجام ہوتا ہے
کوئی سرشار ہو جائے کوئی اک بوند کو ترسے
انہیں باتوں سے ساقی مے کدہ بدنام ہوتا ہے
کہیں سبزے کو روندا جا رہا ہے لہلہانے پر
کہیں پھولوں کا رنگ و بو پہ قتل عام ہوتا ہے
زباں کیوں کھولتے ہو جرم یہ دنیا ہے الفت کی
اشاروں ہی اشاروں میں یہاں سب کام ہوتا ہے