جنبش خیرآبادی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
سواد منظر خواب پریشاں کون دیکھے گا (غزل)
سواد منظر خواب پریشاں کون دیکھے گا
اسیر زلف ہو کر شام ہجراں کون دیکھے گا
گلوں کی دل کشی فصل بہاراں کون دیکھے گا
نہ ہوں گے جب ہمیں رنگ گلستاں کون دیکھے گا
شب غم تم نہ آئے غم نہیں غم ہے تو یہ غم ہے
مرے دامن پہ اشکوں کا چراغاں کون دیکھے گا
گداز شمع کی صورت جواز غم کرو پیدا
یہ پروانو تمہارا سوز پنہاں کون دیکھے گا
قیامت میں لبوں پر شکوہ ہائے پر جفا لا کر
تری معصوم فطرت کو پشیماں کون دیکھے گا
یقیناً شوق کے پردوں کو بھی آنکھوں سے اٹھنا ہے
نہیں تو حشر میں کل روئے جاناں کون دیکھے گا
گریباں پھاڑ کر جنبشؔ چلو پھولوں کی محفل میں
یہ صحرا ہے یہاں حال پریشاں کون دیکھے گا
غم ہائے محبت کا اثر دیکھ رہا ہوں (غزل)
غم ہائے محبت کا اثر دیکھ رہا ہوں
بکھرے ہوئے دامن پہ گہر دیکھ رہا ہوں
اے حسن رخ یار جدھر دیکھ رہا ہوں
اک جنت تخئیل و نظر دیکھ رہا ہوں
اک نور کی دنیا ہے مری شوق کی منزل
ہر ذرے کو خورشید نظر دیکھ رہا ہوں
تم اور ابھی حسن کے پردوں کو اٹھاؤ
میں آج حد تاب نظر دیکھ رہا ہوں
ہر آہ شرر خیز ہے مرغان قفس کی
دامان فغاں شعلہ اثر دیکھ رہا ہوں
یوں کاکل و رخ اپنے تصور میں ہیں جنبشؔ
اک مرحلۂ شام و سحر دیکھ رہا ہوں