پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

جواد شیخ کی غزلیں — Jawad Sheikh Ghazals

جواد شیخ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کوئی اتنا پیارا کیسے ہو سکتا ہے (غزل)

کوئی اتنا پیارا کیسے ہو سکتا ہے

پھر سارے کا سارا کیسے ہو سکتا ہے

تجھ سے جب مل کر بھی اداسی کم نہیں ہوتی

تیرے بغیر گزارا کیسے ہو سکتا ہے

کیسے کسی کی یاد ہمیں زندہ رکھتی ہے

ایک خیال سہارا کیسے ہو سکتا ہے

یار ہوا سے کیسے آگ بھڑک اٹھتی ہے

لفظ کوئی انگارا کیسے ہو سکتا ہے

کون زمانے بھر کی ٹھوکریں کھا کر خوش ہے

درد کسی کو پیارا کیسے ہو سکتا ہے

ہم بھی کیسے ایک ہی شخص کے ہو کر رہ جائیں

وہ بھی صرف ہمارا کیسے ہو سکتا ہے

کیسے ہو سکتا ہے جو کچھ بھی میں چاہوں

بول نا میرے یارا کیسے ہو سکتا ہے

آپ جیسوں کے لیے اس میں رکھا کچھ بھی نہیں (غزل)

آپ جیسوں کے لیے اس میں رکھا کچھ بھی نہیں

لیکن ایسا تو نہ کہیے کہ وفا کچھ بھی نہیں

آپ کہیے تو نبھاتے چلے جائیں گے مگر

اس تعلق میں اذیت کے سوا کچھ بھی نہیں

میں کسی طرح بھی سمجھوتہ نہیں کر سکتا

یا تو سب کچھ ہی مجھے چاہیے یا کچھ بھی نہیں

کیسے جانا ہے کہاں جانا ہے کیوں جانا ہے

ہم کہ چلتے چلے جاتے ہیں پتا کچھ بھی نہیں

ہائے اس شہر کی رونق کے میں صدقے جاؤں

ایسی بھرپور ہے جیسے کہ ہوا کچھ بھی نہیں

پھر کوئی تازہ سخن دل میں جگہ کرتا ہے

جب بھی لگتا ہے کہ لکھنے کو بچا کچھ بھی نہیں

اب میں کیا اپنی محبت کا بھرم بھی نہ رکھوں

مان لیتا ہوں کہ اس شخص میں تھا کچھ بھی نہیں

میں نے دنیا سے الگ رہ کے بھی دیکھا جوادؔ

ایسی منہ زور اداسی کی دوا کچھ بھی نہیں

مزید غزلیں از جواد شیخ ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں