پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

جواد سرور سید کی غزلیں — Jawad Sarwar Syed Ghazals

جواد سرور سید کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

عاشقی میں احتیاطوں میں الجھ کر رہ گیا (غزل)

عاشقی میں احتیاطوں میں الجھ کر رہ گیا

میں بھی کیسی کیسی باتوں میں الجھ کر رہ گیا

یاد کی بارش تھی یا رت تھی فراق و وصل کی

دل عجب موسم کی راتوں میں الجھ کر رہ گیا

دل مرا آزاد اور خواہش مری زنجیر پا

میں تمنا کی بساطوں میں الجھ کر رہ گیا

کون ہوگا اب گرفتار‌‌ خم زلف ایاز

غزنوی تو سومناتوں میں الجھ کر رہ گیا

یاد کے جزیرے پر رنگ کے بہاؤ میں (غزل)

یاد کے جزیرے پر رنگ کے بہاؤ میں

موسموں کی بارش کے گیت کے چناؤ میں

دل کو کر لیا میں نے قید اب دلیلوں میں

اس طرح سے سمٹا ہوں درد دل کے گھاؤ میں

آپ اپنا زائر ہوں طور ہے مرے دل میں

جل رہا ہوں اپنی ہی ذات کے الاؤ میں

عارضی کی چاہت میں دائمی کو بھولا ہوں

خود کو بیچ آیا ہوں کوڑیوں کے بھاؤ میں

دھوپ سہ نہیں سکتے رنج کیسے جھیلو گے

کاش تم کبھی جلتے زیست کے الاؤ میں

ایک معصوم سی بچی کی ہنسی (نظم)

ایک معصوم سی بچی کی ہنسی

اس کے کھلتے ہوئے چہرے کا کنول

نام کیا اس کا رکھوں

جیسے تاریک فضاؤں میں ستارہ ہو کوئی

جیسے بنجر سی زمینوں کے بیچ

عطر قدرت سے گلستاں مہکے

اس کا عنوان ہو کیا

وہ ہنسی جس کا کوئی مول نہیں

وہ ہنسی جس کا حسیں تر چہرہ

مصلحت کی کسی چادر سے نہیں ہے آگاہ

مزید غزلیں از جواد سرور سید ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں