پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

جاوید اقبال ستار کی غزلیں — Javed Iqbal Sattar Ghazals

جاوید اقبال ستار کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہنس کر آنسو پینے والے درد بٹانے والے لوگ (غزل)

ہنس کر آنسو پینے والے درد بٹانے والے لوگ

بعد ہمارے تم ڈھونڈو گے ناز اٹھانے والے لوگ

موسم بدلا پت جھڑ آئی پنچھی اڑ گئے شاخوں سے

ساتھ رہے ہیں ساتھ رہیں گے ساتھ نبھانے والے لوگ

بات کہی کیا خوب کسی نے میں دہرائے دیتا ہوں

دوست نہیں ہوتے ہیں سارے ہاتھ ملانے والے لوگ

دشمن کے زخموں پہ مرہم آپ لگائیں بڑھ چڑھ کر

جیت سے گر واقف ہو جائیں جیت منانے والے لوگ

ساحل ہے انعام انہی کا جو طوفان سے لڑتے ہیں

رزق دریا ہو جاتے ہیں شور مچانے والے لوگ

تم نے راتیں سو کر کاٹیں اور دن بھر آرام کیا

سورج چاند ستارے لائے خاک اڑانے والے لوگ

میلوں چل کر آئیں گے تارے ہماری چوکھٹ پر

گو ہم کو پہچان نہ پائے آج زمانے والے لوگ

وہ میرے ساتھ چلا سر سے دھوپ ڈھلنے تک (غزل)

وہ میرے ساتھ چلا سر سے دھوپ ڈھلنے تک

ہوا بھی دوست رہی بس چراغ جلنے تک

کسے خبر تھی کہ سورج کو شام ڈس لے گی

ہمارے برف سے دل میں لہو پگھلنے تک

جلا جب اپنا ہی گھر اپنے سامنے تو کھلا

ہماری کوششیں ساری ہیں ہاتھ ملنے تک

بتا مجھے مرے ہمدم تو سوچتا کیا ہے

میں با وفا ہوں فقط رخ ترا بدلنے تک

جہان وقت کی رو میں تھے سنگ کی صورت

قدم قدم پہ لگیں ٹھوکریں سنبھلنے تک

صدائے تیرگی ستارؔ سن رہا ہوں میں

مرا چراغ ہے روشن لہو کے جلنے تک

مزید غزلیں از جاوید اقبال ستار ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں