پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

جمال بھارتی کی غزلیں — Jamal Bharti Ghazals

جمال بھارتی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

مدت کے بعد ان سے ملاقات ہو گئی (غزل)

مدت کے بعد ان سے ملاقات ہو گئی

اچھا ہوا تلافئ مافات ہو گئی

محسوس روشنی میں ہوا رات ہو گئی

اس درجہ تیز شدت جذبات ہو گئی

نیچی نظر سے پرسش جذبات ہو گئی

گو وہ رہے خموش مگر بات ہو گئی

جس دور میں بھی عزم کو رہبر بنا لیا

تاریخ اپنی حسب روایات ہو گئی

ترک تعلقات کی بنیاد کچھ نہیں

بیٹھے بٹھائے یوں ہی بس اک بات ہو گئی

ناکام دل ہوا تو شرارہ سا جل اٹھا

سہمی وفا تو تلخئ جذبات ہو گئی

خاطر میں وہ اسے بھی نہ لائے کبھی جمالؔ

وہ بے رخی جو جان شکایات ہو گئی

محبت حسن کا اعجاز بھی ہے (غزل)

محبت حسن کا اعجاز بھی ہے

محبت روح کی آواز بھی ہے

کیا کرتا ہوں سجدے اپنے دل کو

یہ تیری بارگاہ ناز بھی ہے

تبسم بھی ہے غنچوں کی چٹک میں

اور انداز شکست ساز بھی ہے

سفینہ بھی ہے گرداب بلا میں

مزاج ناخدا ناساز بھی ہے

سنائیں ہم کسے افسانۂ غم

یہاں کوئی شریک راز بھی ہے

نظر ان کی نہ کیوں نغمے سنائے

مرا دل گوش بر آواز بھی ہے

کبھی یہ دل ہے صحرا کا نمونہ

کبھی یہ دل گلستاں ساز بھی ہے

کھنک اس کو نہ شیشے کی سمجھیے

شکست دل کی یہ آواز بھی ہے

ایک انسان بھی تاریخ بدل سکتا ہے (نظم)

ایک انسان بھی تاریخ بدل سکتا ہے

جب بھگت سنگھ یاد آتا ہے

دل یہ پھولا نہیں سماتا ہے

فخر کرتا ہے اپنا سر اونچا

خون رگ رگ میں دوڑ جاتا ہے

ہم نے دیکھا ہے اپنی آنکھوں سے

عہد ماضی یہی بتاتا ہے

جو وطن پر نثار ہوتا ہے

روح و دل میں مقام پاتا ہے

اس کو تاریخ یاد کرتی ہے

مثل خورشید جگمگاتا ہے

رن میں آزادیٔ وطن کے لئے

اک مجاہد جو کام آتا ہے

آپ قربان ہو کے میداں میں

قوم کے حوصلے بڑھاتا ہے

جبر آتا ہے برق کی زد پر

ظلم کا تخت ڈگمگاتا ہے

اور جب تک ملے نہ آزادی

پرچم عزم لہلہاتا ہے

جاری رہتی ہے جنگ آزادی

ایک کے بعد ایک آتا ہے

مزید غزلیں از جمال بھارتی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں