پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

جعفر بلوچ کی غزلیں — Jafar Baluch Ghazals

جعفر بلوچ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

آج کسی کی یاد میں ہم جی بھر کر روئے دھویا گھر (غزل)

آج کسی کی یاد میں ہم جی بھر کر روئے دھویا گھر

آج ہمارا گھر لگتا ہے کیسا اجلا اجلا گھر

اپنے آئیں سر آنکھوں پر غیر کی یہ بیٹھک نہ بنے

گھر آسیب کا بن جائے گا ورنہ ہنستا بستا گھر

گھر کو جب ہم جھاڑیں پوچھیں رہتے ہیں محتاط بہت

گرد آلود نہیں ہونے دیتے ہم ہم سایے کا گھر

تم نے کڑیاں جھیلیں اور غیروں کے گھر آباد کیے

راہ تمہاری تکتا ہے آبائی سونا سونا گھر

جو آرام ہے اپنے گھر میں اور کہاں مل سکتا ہے

ٹوٹا پھوٹا بھی ہو تو بھی اپنا گھر ہے اپنا گھر

اک انجانے ڈر نے نیند اچک لی سب کی آنکھوں سے

کتنی ہی راتوں سے مسلسل بے آرام ہے گھر کا گھر

میری روح بروگن رہ رہ کر چلاتی رہتی ہے

میرا گھر میرا پیارا گھر میرا پیارا پیارا گھر

آوارہ گردی کے سبب وہ دن بھر تو مطعون رہا

جب سورج مغرب میں ڈوبا جعفرؔ بھی جا پہنچا گھر

کتنی سزا ملی ہے مجھے عرض حال پر (غزل)

کتنی سزا ملی ہے مجھے عرض حال پر

پہرے لگے ہوئے ہیں مری بول چال پر

کہتے ہیں لوگ جوشش فصل بہار ہے

پھولوں کا جب مزاج نہ ہو اعتدال پر

تو اپنی سسکیوں کو دبا اپنے اشک پونچھ

اے دوست چھوڑ دے تو مجھے میرے حال پر

پھر آج عصمتوں کی جبیں ہے عرق عرق

تہمت لگی ہے پھر کسی مریم خصال پر

محسوس بارہا یہ ہوا ہے کہ زندگی

اک برف کی ڈلی ہے کف برشگال پر

مزید غزلیں از جعفر بلوچ ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں