جعفر عباس صفوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
محبت کا فسانہ ہم سے دہرایا نہیں جاتا (غزل)
محبت کا فسانہ ہم سے دہرایا نہیں جاتا
بس اب ہم سے فریب آرزو کھایا نہیں جاتا
یہاں تک تو مجھے دست کرم پر ناز ہے ان کے
اگر اب ہاتھ پھیلاؤں تو پھیلایا نہیں جاتا
تماشہ دیکھنے والے تماشہ بن کے رہ جائیں
بقدر درد تم سے دل کو تڑپایا نہیں جاتا
یہ عالم ہے قفس کا در کھلا ہے صحن گلشن میں
مگر صیاد کو اب چھوڑ کر جایا نہیں جاتا
مجھے دیکھو کہ غیروں کو بھی سینے سے لگاتا ہوں
مگر تم سے تو اپنوں کو بھی اپنایا نہیں جاتا
جو آنکھیں دیکھ لیتی ہیں خزاں کا دور پھر ان سے
بہاروں کا فریب رنگ و بو کھایا نہیں جاتا
میں ان کو بے رخی کا کس لئے الزام دوں جعفرؔ
اندھیرے میں تو اپنا دو قدم سایا نہیں جاتا
جو حسیں حسن تغافل سے گزر جاتا ہے (غزل)
جو حسیں حسن تغافل سے گزر جاتا ہے
چاہنے والوں کے وہ دل سے اتر جاتا ہے
جس طرف صحن چمن سے وہ گزر جاتا ہے
رنگ پھولوں کا کہیں اور نکھر جاتا ہے
آ بھی جاؤ کہ دعا مانگ رہا ہوں کب سے
بات رہ جاتی ہے اور وقت گزر جاتا ہے
عمر بھر کروٹیں لیتا ہے وہ پیکان نظر
آنکھ کی راہ سے جو دل میں اتر جاتا ہے
میرے کہنے سے ذرا زلف سنوارو تو سہی
لوگ کہتے ہیں مقدر بھی سنور جاتا ہے
بحر غم میں تیری یادوں کا سہارا لے کر
غم کا طوفاں بھی میرے سر سے گزر جاتا ہے
یک بہ یک کیسے بھلا دوں انہیں جعفرؔ دل سے
جاتے جاتے ہی محبت کا اثر جاتا ہے