پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

جعفر عباس کی غزلیں — Jafar Abbas Ghazals

جعفر عباس کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہم نے تو سوچا بھی نہیں تھا ایسا دن بھی آئے گا (غزل)

ہم نے تو سوچا بھی نہیں تھا ایسا دن بھی آئے گا

اپنوں کا یوں رخ بدلے گا سب سے جی بھر جائے گا

دل میں جو ہے سب کہہ ڈالو وقت بہت کم باقی ہے

کون یہاں ہے دوست تمہارا جو دشمن ہو جائے گا

کیسے کیسے پیارے ساتھی کیسی کیسی باتیں تھیں

کس کو کیا معلوم تھا یارو کون کہاں چھٹ جائے گا

پیار کے بدلے نفرت پائی نفرت بھی اتنی گہری

ایسا کیوں ہے کیوں ہے ایسا کوئی سمجھ نہ پائے گا

مت پوچھو ہم کو اپنوں نے کیسے کیسے زخم دئے

گر یہ قصہ چھیڑ دیا تو سب کا جی بھر آئے گا

آنکھوں میں اب اشک نہیں ہیں سینے میں اب آہ نہیں

اس کی بات کرو مت مجھ سے درد بہت بڑھ جائے گا

اپنا بھی اک یار تھا ایسا جس سے کچھ کہہ لیتے تھے

اب جو دل کا بوجھ بڑھے گا کس کے در پر جائے گا

پیار محبت لاگ لگاؤ کے بارے میں مت سوچو

رہا سہا جو بھرم بچا ہے یوں وہ بھی اٹھ جائے گا

گھر سے بے گھر ہو کر ہم تو مارے مارے پھرتے ہیں

یہ بنجارا دل دیکھو اب ہم کو کدھر لے جائے گا

ہم نے تو اپنی کہہ ڈالی تم بھی تو کچھ اپنی کہو

دل کی بات کرو کچھ یارو دل ہلکا ہو جائے گا

اک اک کر کے ہو گئے رخصت اب کوئی ارمان نہیں (غزل)

اک اک کر کے ہو گئے رخصت اب کوئی ارمان نہیں

دل میں گہرا سناٹا ہے اب کوئی مہمان نہیں

تم نے بھی سن رکھا ہوگا ہم بھی سنتے آئے ہیں

جس کے دل میں درد نہ ہو وہ پتھر ہے انسان نہیں

درد کڑا ہو تو بھی اکثر پتھر بن جاتے ہیں لوگ

مرنے کی امید نہیں ہے جینے کا سامان نہیں

کچھ مت بولو چپ ہو جاؤ باتوں میں کیا رکھا ہے

کیوں کرتے ہو ایسی باتیں جن باتوں میں جان نہیں

اوروں جیسی باتیں مجھ کو بھی کرنی پڑتی ہیں روز

یہ تو میری مجبوری ہے یہ میری پہچان نہیں

میری باتیں سیدھی سچی ان میں کوئی پیچ نہیں

ان کو میرؔ کی غزلیں جانو غالبؔ کا دیوان نہیں

دل کو بہلانے کی خاطر ہم بھی کیا کیا کرتے ہیں

خوب سمجھتا ہے وہ بھی سب ایسا بھی نادان نہیں

رات گئے اکثر یوں ہی کیوں پھوٹ پھوٹ کر روتے ہو

خاک تلے سونے والوں سے ملنے کا امکان نہیں

وہ تھا میرے دکھ کا ساتھی اور تمہیں کیا بتلائیں

اس کا میرا جو رشتہ تھا اس رشتے کا نام نہیں

وہ ہوتا تو پھر بھی شاید درد پہ کچھ قابو رہتا

تنہائی سے تنہا لڑنا کچھ ایسا آسان نہیں

مزید غزلیں از جعفر عباس ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں