پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عشرت ظفر کی غزلیں — Ishrat Zafar Ghazals

عشرت ظفر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

بہت ہے اب مری آنکھوں کا آسماں اس کو (غزل)

بہت ہے اب مری آنکھوں کا آسماں اس کو

گیا وہ دور کہ تھی فکر آشیاں اس کو

کیا ہے سلطنت دل پہ حکمراں اس کو

نوازشوں کا سلیقہ مگر کہاں اس کو

شگاف زخم جو میرا نہ کھل گیا ہوتا

تو کیسے ملتی یہ شمشیر کہکشاں اس کو

جدھر بھی جاتا ہے وہ شعلۂ بہار سرشت

دعائیں دیتا ہے انبوہ کشتگاں اس کو

خود اس کی اپنی چمک نے سراغ اس کا دیا

چھپایا میں نے بہت زیر آب جاں اس کو

سمندر اپنا سا منہ لے کے رہ گئے عشرتؔ

کیا تراوش شبنم نے بے کراں اس کو

یہ کس نے کہہ دیا تجھ سے کہ ساحل چاہتا ہوں میں (غزل)

یہ کس نے کہہ دیا تجھ سے کہ ساحل چاہتا ہوں میں

سمندر ہوں سمندر کو مقابل چاہتا ہوں میں

وہ اک لمحہ جو تیرے قرب کی خوشبو سے ہے روشن

اب اس لمحے کو پابند سلاسل چاہتا ہوں میں

وہ چنگاری جو ہے مشاق فن شعلہ سازی میں

اسے روشن تہہ خاکستر دل چاہتا ہوں میں

بہت بے زار ہے عمر رواں صحرا نوردی سے

پئے کار جنوں تازہ مشاغل چاہتا ہوں میں

نہ یہ خواہش کہ وہ مٹی میں میری جذب ہو جائے

نہ خود کو داستاں میں اس کی شامل چاہتا ہوں میں

عجب بسمل ہے عشرتؔ اپنے قاتل سے یہ کہتا ہے

سر محفل تجھے اے جان محفل چاہتا ہوں میں

مزید غزلیں از عشرت ظفر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں