اسحاق ناشاد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
یہاں عشق مست الست ہے یہاں شکل کیا یہاں نام کیا (غزل)
یہاں عشق مست الست ہے یہاں شکل کیا یہاں نام کیا
یہ جہان موج خیال ہے یہاں عقل و فکر سے کام کیا
رہ عشق کی یہ تجلیاں یہاں گم ہوئے کئی کارواں
کئی پیچ و خم ہیں یہاں وہاں کسی جا پہ کوئی قیام کیا
جہاں حرف و معنی ہیں سب غلط وہاں مدعا نہیں مدعا
جہاں گفتگو بھی حرام ہو وہاں اضطراب کلام کیا
یہی میکدہ ہے وہ میکدہ جہاں قطرہ قطرہ سرور ہے
یہ مقام کیف نگاہ ہے یہاں رقص بادہ و جام کیا
یہ حجاب لا یہ وجود لا یہاں ہر نشان ہے بے نشاں
یہاں کم ہیں عقل و شعور سب یہاں آگہی کا مقام کیا
نہ حرم سے اس کو کوئی غرض نہ ہی دیر سے کوئی واسطہ
جو غلام یار کا ہو گیا وہ بھلا کسی کا غلام کیا
یہ جہان عشق ہے بے خبر یہاں کائنات خودی کہاں
نہیں جب مقام خبر کوئی تو پیام کیا تو سلام کیا
درد سینے میں اٹھے بھی تو دبائے رکھنا (غزل)
درد سینے میں اٹھے بھی تو دبائے رکھنا
غم حالات سے ہر لمحہ نبھائے رکھنا
اپنے احساس کو آندھی سے بچائے رکھنا
اس اندھیرے میں کوئی شمع جلائے رکھنا
جانے کب کون کہاں تم سے سہارا مانگے
درد کی دھوپ میں کچھ پھول کھلائے رکھنا
رہ الفت میں غم دل کی شکایت بے سود
فرض ہے چاک گریباں کا چھپائے رکھنا
دل میں اک درد اٹھا بات لبوں پر آئی
کتنا مشکل ہے کوئی بات بھلائے رکھنا
ہم گزر جائیں گے اڑتے ہوئے لمحوں کی طرح
راہ میں شوق سے کانٹوں کو بچھائے رکھنا
ڈھونڈ تاریک اندھیروں میں اجالے ناشادؔ
کب تلک درد کی دنیا سے بنائے رکھنا