پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اسحاق ملک کی غزلیں — Ishaq Malik Ghazals

اسحاق ملک کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

عشق کی راہ پہ چلنا روش عام ہے یہ (غزل)

عشق کی راہ پہ چلنا روش عام ہے یہ

دیکھتا کون ہے آغاز کہ انجام ہے یہ

زندگی کا کوئی رستہ نہ کوئی موت کا رخ

کون سے موڑ پہ اب گردش ایام ہے یہ

خون کی تم نے ادا خون کی قیمت میرے

غور کیجے تو پسینے کا نہیں دام ہے یہ

تم چلے آئے ہو اک جھوٹی تسلی دینے

سارے دکھ درد سہی ایک تو آرام ہے یہ

حسن محبوب پہ جی جان سے قرباں ہونا

قسمت عشق میں بس ایک حسیں کام ہے یہ

کل جو کہتے تھے غنی آج گدا کہتے ہیں

اک مرا نام تھا وہ ایک مرا نام ہے یہ

کون آیا ہے ملکؔ آج اجالا بن کر

کس کی آمد میرے آنگن میں سر شام ہے یہ

ہمارے شعر کی وقعت ہی کیا ہے (غزل)

ہمارے شعر کی وقعت ہی کیا ہے

جگر کے خون کی قیمت ہی کیا

غریب انسان کی آواز ہی کیا ہے

غریب انسان کی عزت ہی کیا ہے

پلٹ جانا ہوا کا چلتے چلتے

نظام گردش قسمت ہی کیا ہے

نہ ہم سے پرسش حالات کرنا

جہاں دکھ ہوں وہاں راحت ہی کیا ہے

رہے گا جینے مرنے کا تسلسل

زمانے سے اسے نسبت ہی کیا ہے

خدائے پاک کی مرضی کے آگے

مجال بندہ و ہمت ہی کیا ہے

ملکؔ اچھی نہیں تقدیر اس کی

نصیب عشق میں راحت ہی کیا ہے

مزید غزلیں از اسحاق ملک ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں