پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ارشاد قمر بخاری کی غزلیں — Irshad Qamar Bukhari Ghazals

ارشاد قمر بخاری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ترے آنے کے ہیں جو آسرے سونے نہیں دیتے (غزل)

ترے آنے کے ہیں جو آسرے سونے نہیں دیتے

ہمیں خوش فہمیوں کے سلسلے سونے نہیں دیتے

محبت سے ہمیں تو نے پلٹ کر کیوں نہیں دیکھا

تری بدلی نظر کے زاویے سونے نہیں دیتے

وہ رہتا بے وفا لیکن نظر کے سامنے رہتا

نظر سے دور ہے تو فاصلے سونے نہیں دیتے

نہ جانے خوف کی پرچھائیاں کیسی مسلط ہیں

کہ اندیشوں کے ہم کو اژدہے سونے نہیں دیتے

سرائے میں ٹھہر کر بھی ہمیں تو جاگنا ہوگا

روانہ ہونے والے قافلے سونے نہیں دیتے

ہر آہٹ پہ گماں ہوتا ہے تیرے لوٹ آنے کا

نہیں ہے آس لیکن حوصلے سونے نہیں دیتے

قمرؔ میں رات بھر جاگوں تو ہے اس میں تعجب کیا

چمکنے کے تقاضے ہی مجھے سونے نہیں دیتے

خزاں کی چاہ میں کھلتے چمن کو چھوڑ دیا (غزل)

خزاں کی چاہ میں کھلتے چمن کو چھوڑ دیا

تلاش رزق میں نکلے وطن کو چھوڑ دیا

چلے تھے گھر سے اثاثے میں ہجرتیں لے کر

تمام عمر کی دل میں چبھن کو چھوڑ دیا

لگا کچھ ایسا جو بچھڑے ہم اپنے پیاروں سے

کہ جیسے روح نے اپنے بدن کو چھوڑ دیا

انہی کے دم سے سنورتے تھے سب ہنر میرے

جو وہ نہیں ہیں تو ہر ایک فن کو چھوڑ دیا

وہ جس کے وصل میں نغمے لکھے کبھی ہم نے

اسی کے ہجر میں ہم نے سخن کو چھوڑ دیا

اب اس کی یاد میں راتوں کا چین کھوتے ہیں

قمرؔ یہ کس سے کہیں کیوں وطن کو چھوڑ دیا

مزید غزلیں از ارشاد قمر بخاری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں