پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ارشاد خان سکندر کی غزلیں — Irshad Khan Sikandar Ghazals

ارشاد خان سکندر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

آنکھوں کی دہلیز پہ آ کر بیٹھ گئی (غزل)

آنکھوں کی دہلیز پہ آ کر بیٹھ گئی

تیری صورت خواب سجا کر بیٹھ گئی

کل تیری تصویر مکمل کی میں نے

فوراً اس پر تتلی آ کر بیٹھ گئی

تانا بانا بنتے بنتے ہم ادھڑے

حسرت پھر تھک کر غش کھا کر بیٹھ گئی

کھوج رہا ہے آج بھی وہ گولر کا پھول

دنیا تو افواہ اڑا کر بیٹھ گئی

رونے کی ترکیب ہمارے آئی کام

غم کی مٹی پانی پا کر بیٹھ گئی

وہ بھی لڑتے لڑتے جگ سے ہار گیا

چاہت بھی گھر بار لٹا کر بیٹھ گئی

بوڑھی ماں کا شاید لوٹ آیا بچپن

گڑیوں کا انبار لگا کر بیٹھ گئی

اب کے چراغوں نے چونکایا دنیا کو

آندھی آخر میں جھنجھلا کر بیٹھ گئی

ایک سے بڑھ کر ایک تھے داؤں شرافت کے

جیت مگر ہم سے کترا کر بیٹھ گئی

تیرے شہر سے ہو کر آئی تیز ہوا

پھر دل کی بنیاد ہلا کر بیٹھ گئی

ترے کوچے میں جو بیٹھا ہے پاگل (غزل)

ترے کوچے میں جو بیٹھا ہے پاگل

وہ دل سے ہاتھ دھو بیٹھا ہے پاگل

تصور میں تمہارا ساتھ پا کر

لو اپنے ہوش کھو بیٹھا ہے پاگل

تری خوشبو جدھر کو جا رہی ہے

اسی جانب ہی تو بیٹھا ہے پاگل

زمانے پر تو کھل کر ہنس رہا تھا

ترے چھوتے ہی رو بیٹھا ہے پاگل

اشارے عشق کی موجوں کے پا کر

بدن کشتی ڈبو بیٹھا ہے پاگل

تعارف یوں مرا دیتی ہے دنیا

چلے جاؤ کہ وو بیٹھا ہے پاگل

سخن ور فکر کے لمحوں میں اکثر

لگے ہے یوں کہ گو بیٹھا ہے پاگل

تمہارے در پہ کتنی مدتوں سے

نگاہیں پھیر لو بیٹھا ہے پاگل

مری آنکھوں کے زینے سے اتر کر

مرا دامن بھگو بیٹھا ہے پاگل

مزید غزلیں از ارشاد خان سکندر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں