پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اِرسہ مبین کی غزلیں — Irsa Mubeen Ghazals

اِرسہ مبین کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

درد دل سے نکال دوں کیسے (غزل)

درد دل سے نکال دوں کیسے

بہتے دریا کو ٹال دوں کیسے

دوستوں سے فریب کھائے ہیں

تم کو کس کی مثال دوں کیسے

بے ضمیروں کو چارہ گر کہہ کر

اپنی جاں کو وبال دوں کیسے

حاکموں کو خدا لکھوں اب میں

حکم رب کو میں ٹال دوں کیسے

مجھ کو رب سے ملائے رکھتا ہے

ہجر دل سے نکال دوں کیسے

میں ہوں ارسہؔ فقیر راہ وفا

خود کو کوئی جمال دوں کیسے

ہم نے ہنس کر فریب کھائے ہیں (غزل)

ہم نے ہنس کر فریب کھائے ہیں

ہم پہ دشواریوں کے سائے ہیں

اب تو ہم زندگی سے جا بھی چکے

آپ اب ہم سے ملنے آئے ہیں

جو مرے ساتھ ساتھ رہتے تھے

اب مرے شہر سے پرائے ہیں

ناخنوں سے کھرچ کے تیرے نقوش

اپنی تقدیر سے مٹائے ہیں

کوئی پوشیدہ قہقہہ تو نہیں

آپ نے دانت کیوں دبائے ہیں

منزلیں آپ کا مقدر ہیں

میری رہ میں کئی سرائے ہیں

ہمیں تربت پہ چھیڑنے مت آ

دل کے ارمان اب سلائے ہیں

قصۂ درد کس سے کہیں چارہ گر (نظم)

قصۂ درد کس سے کہیں چارہ گر

زخم شوریدہ کب تک سہیں چارہ گر

ظلم مٹنے مٹانے کی باتیں نہ کر

دکھ سے دامن بچانے کی باتیں نہ کر

میری بستی یہ میرا چمن دیکھ لو

ظلم و افلاس فاقے کہن دیکھ لو

چھایا تیرا فسوں عرصۂ دہر میں

زیر دست ستم جو رہا شہر میں

جب تلک جاں ہے اٹھتا رہے گا قلم

تیری ظلمت نہ اب یہ سہے گا قلم

ظلم و ادبار بھی نہ رہیں گے سدا

نہ ہی تم اور نہ ہم ہی رہیں گے سدا

ہرچہ حاکم ہو ہم سے جدا تو نہیں

تیرا منصب ہی کیا ہے خدا تو نہیں

مزید غزلیں از اِرسہ مبین ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں