عرفانہ عزیز کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
رنگ برنگے پھولوں جیسی میری چنچل آس (غزل)
رنگ برنگے پھولوں جیسی میری چنچل آس
میری آس کا روپ منوہر پریتم کو ہے راس
چپکے چپکے کیا کہتے ہیں تجھ سے دھان کے کھیت
بول ری نرمل نرمل ندیا کیوں ہے چاند اداس
سر ساگر جیسے گہرے ہیں میرے کوی کے نین
دیکھ سکھی پنگھٹ پر آیا کون بجھانے پیاس
نور کے تڑکے میں نے دیکھی پنکھڑیوں پر اوس
تاروں کے موتی چنتی ہے ساری رات کپاس
سانجھ سویرے نینوں میں لہرائے اس کا روپ
میرے سپنوں کا رکھوالا دور رہے یا پاس
نیل گگن پر سرخ پرندوں کی ڈاروں کے سنگ (غزل)
نیل گگن پر سرخ پرندوں کی ڈاروں کے سنگ
بدلی بن کر اڑتی جائے میری شوخ امنگ
کومل کلیوں جیسا میرا پاک پوتر سریر
پون کے چھونے سے اڑ جاتا ہے چہرے کا رنگ
سپنوں کی ڈالی پر چمکا ایک سنہرا پات
چڑھتا سورج دیکھ کے جس کا روپ ہوا ہے دنگ
جلتے بجھتے پھولوں سے اتری خوشبو کی راکھ
دھو کر آگ جو اس نے دیکھا انگاروں کا رنگ
طعنے دے کر لوگ لگاتے ہیں کیوں آگ میں آگ
بستی والے کیوں کرتے ہیں بیراگن کو تنگ
کرب تخلیق سے معمور فضا (نظم)
کرب تخلیق سے معمور فضا
مضطرب موج صبا
اوج افلاک سے تسکین طلب
شاخساروں کی دعا
کتنے نغموں کو جنم دیتی ہے
ایک غنچے کے چٹکنے کی صدا