پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عرفان احمد میر کی غزلیں — Irfan Ahmad Mir Ghazals

عرفان احمد میر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

زندگی تیری طلب تھی تو زمانے دیکھے (غزل)

زندگی تیری طلب تھی تو زمانے دیکھے

مرتے مرتے کئی جینے کے بہانے دیکھے

حوصلہ تھا یا کرم ہو کہ وفاداری ہو

ہم نے الفت میں کئی خواب سہانے دیکھے

آنکھ سے جاری رہا اشکوں کا بہنا کیونکر

غم نے ٹھکرایا تو پھر زخم پرانے دیکھے

زخم پر زخم لگانے کی نہ عادت تھی اسے

میرے قاتل نے نئے روز نشانے دیکھے

آپ کا جرم نہیں ہم ہی خطا کر بیٹھے

دل نے بس چاہا تمہیں غم نے ٹھکانے دیکھے

ہم پہ الفت کی ہوئی ایسی عطائیں بالغؔ

جس طرف ڈھونڈ لئے غم کے خزانے دیکھے

رسم الفت سے ہے مقصود وفا ہو کہ نہ ہو (غزل)

رسم الفت سے ہے مقصود وفا ہو کہ نہ ہو

زخم دل اور ہو خون بستہ شفا ہو کہ نہ ہو

ہم جفاکار وفا ہیں ہمیں مطلوب نہیں

حاصل زلف سیاہ کار سزا ہو کہ نہ ہو

رکھ لیا تھوڑا سا امکان تمنا نے بھرم

دست شرمندہ رہے چاہے عطا ہو کہ نہ ہو

ہو میرے قتل میں قاتل کی بھی مرضی شامل

شور و غل خوب رہے آہ و بقا ہو کہ نہ ہو

تھی ستمکاری قسمت کی وہ شدت ہمدم

تو بھی رنجیدہ رہا مجھ سے گلا ہو کہ نہ ہو

اک یہ بندش رہی انجام وفا کو کو کر

اہل دنیا پہ میری رسم روا ہو کہ نہ ہو

بس یہ آشوب محبت کی دوا ہے بالغؔ

مرگ آسان کی تمنا ہو قضا ہو کہ نہ ہو

وہ کیسے لوگ ہوتے ہیں جنہیں ہم دوست کہتے ہیں (نظم)

وہ کیسے لوگ ہوتے ہیں جنہیں ہم دوست کہتے ہیں

نہ کوئی خون کا رشتہ نہ کوئی ساتھ صدیوں کا

مگر احساس اپنوں سا وہ انجانے دلاتے ہیں

خفا جب زندگی ہو تو وہ آ کے تھام لیتے ہیں

رلا دیتی ہے جب دنیا تو آ کر مسکراتے ہیں

اکیلے راستے پہ جب میں کھو جاؤں تو ملتے ہیں

سفر مشکل ہو کتنا بھی مگر وہ ساتھ جاتے ہیں

نظر کے پاس ہوں نہ ہوں مگر پھر بھی تسلی ہے

وہی مہمان خوابوں کے جو دل کے پاس رہتے ہیں

مجھے مسرور کرتے ہیں وہ لمحے آج بھی عرفانؔ

کہ جن میں دوستوں کے ساتھ کے پل یاد آتے ہیں

مزید غزلیں از عرفان احمد میر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں