عرفان احمد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
سخت ویراں ہے جہاں تیرے بعد (غزل)
سخت ویراں ہے جہاں تیرے بعد
کوئی تجھ سا ہے کہاں تیرے بعد
کب تلک آہ و فغاں تیرے بعد
خیمۂ دل ہے دھواں تیرے بعد
جانے کس شہر میں آباد ہے تو
ہم ہیں برباد یہاں تیرے بعد
ہجرتیں کر گئے امکاں کے طیور
اب یقیں ہے نہ گماں تیرے بعد
ایسا عالم بھی نہ دیکھا تھا کبھی
خالی خالی ہے مکاں تیرے بعد
نقاب چہرے سے اس کے کبھی سرکتا تھا (غزل)
نقاب چہرے سے اس کے کبھی سرکتا تھا
تو کالے بادلوں میں چاند سا چمکتا تھا
اسے بھی خطۂ سر سبز مل گیا شاید
وہ ایک ابر کا ٹکڑا جو کل بھٹکتا تھا
وہ میرے ساتھ جو چلتا تھا گھر کے آنگن میں
تو ماہتاب بھی پلکیں بہت جھپکتا تھا
یہ کہہ کے برق بھی برسات میں بہت روئی
کہ ایک پیڑ چمن میں غضب مہکتا تھا
غم حیات نے بخشے ہیں سارے سناٹے
کبھی ہمارے بھی پہلو میں دل دھڑکتا تھا
جو ہو گئی ہے کبھی ابر کی نوازش بھی
تو سائبان کئی دن تلک ٹپکتا تھا
اکیلے پار اتر کے بہت ہے رنج مجھے
میں اس کا بوجھ اٹھا کر بھی تیر سکتا تھا