پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اندر موہن مہتا کیف کی غزلیں — Indr Mohan Mehta Kaif Ghazals

اندر موہن مہتا کیف کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

خواب جو دیکھے جھوٹے نکلے کچھ نہ ملا تعبیروں میں (غزل)

خواب جو دیکھے جھوٹے نکلے کچھ نہ ملا تعبیروں میں

دل اب کس کو ڈھونڈ رہا ہے البم کی تصویروں میں

اک گوشہ تو ایسا بھی ہو جس کا کوئی نام نہ ہو

ساری دھرتی بٹی ہوئی ہے ملکوں میں جاگیروں میں

کاندھوں کے رشتے بھی کیا ہیں شہروں شہروں پھیلے ہیں

دل کا درد سمجھنے والا کون ملے رہ گیروں میں

کچھ ہمیں دنیا راس نہ آئی کچھ دل نے من مانی کی

بیٹھ کے رنگ بھرا کرتے ہیں اب اپنی تصویروں میں

دل کے رشتے دور کی باتیں پھر بھی کچھ ایسا لگتا ہے

ہم تم وہ سب بندھے ہوئے ہیں ان دیکھی زنجیروں میں

کیفؔ یہ دل کا گورکھ دھندا سمجھیں تو سمجھائیں بھی

ہم دیوانے ہیں جا بیٹھے مست الست فقیروں میں

کس کو ہم سفر سمجھیں جو بھی ساتھ چلتے ہیں (غزل)

کس کو ہم سفر سمجھیں جو بھی ساتھ چلتے ہیں

آشنا سے لگتے ہیں اجنبی نکلتے ہیں

اے مری شریک غم کاش تو سمجھ سکتی

کتنے ان بہے آنسو قہقہوں میں ڈھلتے ہیں

رات کی خموشی میں جب کوئی نہیں ہوتا

دل سے بیتی یادوں کے قافلے نکلتے ہیں

تہ بہ تہ اندھیروں تک روشنی تو پھیلے گی

ایک رات کی ضد میں سو چراغ چلتے ہیں

منزلوں کے دھوکے میں ساتھیو نہ رک جانا

منزلوں سے آگے بھی راستے نکلتے ہیں

مزید غزلیں از اندر موہن مہتا کیف ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں