پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

امتیاز ساغر کی غزلیں — Imtiyaz Saghar Ghazals

امتیاز ساغر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہر بے خطا ہے آج خطا کار دیکھنا (غزل)

ہر بے خطا ہے آج خطا کار دیکھنا

سچائیوں پہ جھوٹ کی یلغار دیکھنا

تقدیر بن نہ جائے شب تار دیکھنا

بجھنے کو ہے چراغ سر دار دیکھنا

مقتول کی جبیں پہ ہے قاتل لکھا ہوا

کیا فیصلہ ہو کل سر دربار دیکھنا

ہوگا بہت شدید تمازت کا انتقام

سائے سے مل کے روئے گی دیوار دیکھنا

ان پتھروں کے سائے میں رکنا فضول ہے

بے برگ و بے ثمر ہیں یہ کہسار دیکھنا

اس شہر آرزو کو نظر کس کی کھا گئی

مقتل بنے ہیں کوچہ و بازار دیکھنا

کچھ دن اگر یہ موسم وحشت اثر رہا

ہر آدمی کو بے در و دیوار دیکھنا

دیتا ہوں کیسے جان سر جادۂ وفا

مجھ کو نہ دیکھنا مرا پندار دیکھنا

خون جگر سے لکھتا ہوں ساغرؔ میں حرف حق

وقت آئے تو قلم کو بھی تلوار دیکھنا

کھلی جو آنکھ تو صدیوں کا فاصلہ نکلا (غزل)

کھلی جو آنکھ تو صدیوں کا فاصلہ نکلا

مرے وجود میں اک شخص دوسرا نکلا

عجب نہ تھا مجھے صحرا کی دھوپ کھا جاتی

قدم بڑھائے جنوں نے تو راستہ نکلا

خبر نہیں کہ وہ آشوب وقت کیسا تھا

ہر ایک آنکھ میں برسوں کا رتجگا نکلا

فراق صبح میں وہ آنکھ جل رہی تھی مگر

بجھا ہوا در ہجراں پہ اک دیا نکلا

غضب کی آگ دہکنے لگی ہے سینوں میں

یہ کون دھوپ میں لے کر کے آئنہ نکلا

ہر ایک پھول نے جھک کر تجھے سلامی دی

جو صحن گل میں کبھی تیرا تذکرہ نکلا

پلک جھپکتے ہی دنیا بدل گئی ساغرؔ

کہ میرا سایہ بھی مجھ سے گریز پا نکلا

مزید غزلیں از امتیاز ساغر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں