پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اکرام مجیب کی غزلیں — Ikram Mujeeb Ghazals

اکرام مجیب کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

یہ کمال بھی تو کم نہیں ترا (غزل)

یہ کمال بھی تو کم نہیں ترا

ہر کسی نے کر لیا یقیں ترا

انتظار کر رہے ہیں دیر سے

اس اداس شہر کے مکیں ترا

ان دنوں پڑاؤ کس جگہ پہ ہے

آج کل ہے کون ہم نشیں ترا

ہر زبان پر سوال ہے یہی

ایک میں ہی پوچھتا نہیں ترا

یہ نئی اڑان اس زمین سے

رابطہ نہ توڑ دے کہیں ترا

اے خدا بھرم رکھنا برقرار اس گھر کا (غزل)

اے خدا بھرم رکھنا برقرار اس گھر کا

ہے ترے کرم پر ہی انحصار اس گھر کا

ہر کواڑ ڈوبا ہے بے کراں اداسی میں

اور ہر دریچہ ہی سوگوار اس گھر کا

پھیلتی چلی جائے بیل بدگمانی کی

ختم ہی نہیں ہوتا انتشار اس گھر کا

اس جہاں میں ہوگا بے عمل نہ ہم جیسا

ہم نہ رکھ سکے قائم اعتبار اس گھر کا

کس قدر گناہوں کے مرتکب ہوئے ہیں ہم

جو سکون لٹتا ہے بار بار اس گھر کا

گرد بے یقینی کی گر سمیٹ لیں مل کر

معتبر گھروں میں ہو پھر شمار اس گھر کا

جان سے گزرنے کا حوصلہ عطا کر دے

اب مکیں نہ ہو کوئی شرمسار اس گھر کا

مزید غزلیں از اکرام مجیب ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں