پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

حسرت خان خٹک کی غزلیں — Hasrat Khan Khatak Ghazals

حسرت خان خٹک کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

تو ابھی تک بھی مجھے خود سے جدا جانتا ہے (غزل)

تو ابھی تک بھی مجھے خود سے جدا جانتا ہے

میں کبھی سوچ نہیں سکتا خدا جانتا ہے

مجھ سے بیعت کا تقاضا نہ توقع رکھنا

میرا سر نیزے پہ سجنے کو جزا جانتا ہے

دوست ہے وہ تو سمجھ جائے گا حاجت تیری

دوست چہرے سے ترے من کی صدا جانتا ہے

جانتا ہے کہ مجھے عشق ہے صحراؤں سے

وہ محبت میں پہاڑوں کی انا جانتا ہے

اس سے بڑھ کر بھی بھلا اور وفا کیا ہوگی

مجھ سے بڑھ کر وہ ہر اک رسم وفا جانتا ہے

کس قدر دان کیا اس نے مجھے آب حیات

یہ تو میں جانتا یا میرا خدا جانتا ہے

زلف کھولے تو قیامت وہیں برپا کر دے

آنکھوں آنکھوں میں وہ طوفان اٹھا جانتا ہے

صبح کی پہلی اذانوں سے بھی پہلے اٹھ کر

روز اک راز وہ فطرت سے نیا جانتا ہے

رخ دوراں پہ پڑے پردے ہٹا دو یارو

جان جائیں گے جو کہتے ہیں کہ کیا جانتا ہے

وہ جو ہر وقت کہے جاتا ہے میں جانتا ہوں

وہ نہیں جانتا سورج کو دیا جانتا ہے

حسن پر نور سخن ساز وہ آزاد منش

اس کا برتاؤ مگر شرم و حیا جانتا ہے

میں نہیں جانتا کچھ بھی میں یہی جانتا ہوں

اور کیا جاننا یہ جان کے کیا جانتا ہے

وہ نمو خیز بہاروں میں پلا سرخ گلاب

وہ مری آنکھ کی سرخی کو ہرا جانتا ہے

میرے مالک مرا دامن نہیں رکھنا خالی

مرا بیٹا مجھے ہر طور بھرا جانتا ہے

کالے کوؤں نے تباہی وہ مچائی توبہ (غزل)

کالے کوؤں نے تباہی وہ مچائی توبہ

باغ کے طوطے اڑے باغ میں امرود نہ تھے

میرے بارے میں بڑے لوگوں نے کیا کیا نہ کہا

واقعہ یہ کہ جنہیں سننا تھا موجود نہ تھے

مسجدیں بین کیے جاتی تھیں خاموشی سے

سجدہ گاہیں تھی مگر ساجد و مسجود نہ تھے

ایک کو سجدہ کیا ایک بسایا دل میں

اچھے لگتے تھے مجھے بت مرے معبود نہ تھے

ان کے ہوتے ہوئے کیا قوم ترقی کرتی

مقتدر تھے وہ کوئی صاحب بہبود نہ تھے

تم سے پہلے بھی کہاں اچھے تھے اتنے لیکن

بگڑے سنورے ہوئے حالات تھے نابود نہ تھے

میں نا کہتا تھا احد ہوتے ہیں لا حد سارے

خان حسرتؔ کے ارادے کبھی محدود نہ تھے

مزید غزلیں از حسرت خان خٹک ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں