پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

حسن شکیل مظہری کی غزلیں — Hasan Shakeel Mazhari Ghazals

حسن شکیل مظہری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

نہ جذبوں میں کوئی شدت نہ گیرائی نہ گہرائی (غزل)

نہ جذبوں میں کوئی شدت نہ گیرائی نہ گہرائی

فقط لفظوں کی بیساکھی پہ ہے ساری شناسائی

بظاہر دیکھنے میں یوں تو ہیں اک جان دو قالب

حقیقت میں ہیں دونوں ہی اسیر رنج تنہائی

زبان مدعا ہے جرأت اظہار سے قاصر

کہ ان آنکھوں میں دیکھا ہم نے اکثر خوف رسوائی

بھٹکتا پھر رہا ہوں میں سواد دشت ظلمت میں

نظر آتا نہیں رستہ بصیرت ہے نہ بینائی

رخ روشن پہ پردہ کب تلک اے حسن خود آرا

ذرا پردے سے باہر آ کہ عالم ہے تماشائی

جنون خود نمائی ابتذال علم و حکمت ہے

کہ ہر اک مبتدی کرتا ہے خود اپنی پذیرائی

شکیل مظہریؔ ایسی غزل کہنے سے کیا حاصل

تخیل میں کوئی ندرت نہ شعروں میں ہے رعنائی

مزید غزلیں از حسن شکیل مظہری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں