پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

حسن اختر جلیل کی غزلیں — Hasan Akhtar Jaleel Ghazals

حسن اختر جلیل کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

رات لمبی بھی ہے اور تاریک بھی شب گزاری کا ساماں کرو دوستو (غزل)

رات لمبی بھی ہے اور تاریک بھی شب گزاری کا ساماں کرو دوستو

جانے پھر کب یہ ملنا مقدر میں ہو اپنی اپنی کہانی کہو دوستو

کس پری چہرہ سے پیار تم نے کیا کون سے دیس کے شاہزادے ہو تم

اپنی روداد الفت سنا کر بہم داستاں کوئی تشکیل دو دوستو

مجھ کو احساس ہے تم بھی میری طرح جان و دل کوئے الفت میں ہار آئے ہو

اب یہ بازی نئے سر سے ممکن نہیں اپنا انجام خود سوچ لو دوستو

صبح ہوگی تو ظالم زمانے کے غم تم پہ ابر ستم بن کے چھا جائیں گے

فرصت بزم شب سے گھڑی دو گھڑی بات آپس کی کوئی کرو دوستو

ڈھل گئی رات تارے بکھرنے لگے منتشر ہو چلے دھیان کے سلسلے

کوئی دم اور دل میں فروزاں رہو ایک مدت کے بعد آئے ہو دوستو

سینے میں چراغ جل رہا ہے (غزل)

سینے میں چراغ جل رہا ہے

ماتھے سے لہو ابل رہا ہے

ہونٹوں پہ چمن کھلے ہوئے ہیں

آنکھوں سے دھواں نکل رہا ہے

پیکر پہ اگے ہوئے ہیں کانٹے

احساس کا پیڑ پھل رہا ہے

باطن میں بپا ہے ایک طوفاں

دریا ہے کہ رخ بدل رہا ہے

کیا وقت پڑا ہے اے غم جاں

خود اپنا وجود کھل رہا ہے

میں جس کی تلاش کو چلا تھا

وہ شخص تو ساتھ چل رہا ہے

تنہا ہوں جلیلؔ اس نگر میں

مقتل میں چراغ جل رہا ہے

یہیں کچھ لوگ رہتے تھے (نظم)

یہیں کچھ لوگ رہتے تھے

کہ جن کے دھول مٹی سے اٹے جسموں کی خوشبو

اب ہمارے دل کی دھڑکن ہے

جو دکھ کی راکھ کو

اپنے لہو کی آنچ دے کر

زمانے میں مسرت کی توانائی لٹاتے تھے

جو لوگوں

بیکسوں نادار انسانوں کی خاطر

اپنی خوشیاں بھول جاتے ہیں

یہی وہ لوگ تھے وہ دل ربا انساں

جو انسانوں سے بڑھ کر خوب صورت تھے

مزید غزلیں از حسن اختر جلیل ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں