پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

حیدر فکری کی غزلیں — Haider Fikri Ghazals

حیدر فکری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

جستہ جستہ موج طوفانی میں تھا (غزل)

جستہ جستہ موج طوفانی میں تھا

عکس اس کا ہم سفر پانی میں تھا

کیا یہ مسجود ملائک ہے وہی

خالق کونین حیرانی میں تھا

تیغ پر جس کے تھا سورج کا لہو

شام کو وہ مرثیہ خوانی میں تھا

رخ پہ زلفوں کی گھٹا چھائی ہوئی

چاند گویا نیم عریانی میں تھا

تیرگی تھی بس چراغوں کے تلے

اور گرد و پیش تابانی میں تھا

جان اپنی نظر کی جس دوست پر

وہ بھی حیدرؔ دشمن جانی میں تھا

واقعہ سچ ہی سہی ہم کہہ کے پچھتائے بہت (غزل)

واقعہ سچ ہی سہی ہم کہہ کے پچھتائے بہت

دوستوں نے پتھروں کے پھول برسائے بہت

آنکھ اٹھا کے ہم نے دیکھا ہی نہیں خود کو کبھی

گردش ایام نے آئینے دکھلائے بہت

ایک دل ہے رنج و غم کی بستیوں کے درمیاں

ایک گھر کے واسطے ہیں اتنے ہمسائے بہت

جانے کیسا تھا سفر منزل کہاں پر رہ گئی

ہم حدود ذات سے آگے نکل آئے بہت

توبہ آغاز محبت کی کشاکش کشمکش

ہم بھی گھبرائے بہت اور وہ بھی شرمائے بہت

کیا عجب ہے آسماں سے خون کی بارش ہوئی

کھیت جلتے ہی رہے دریا تو لہرائے بہت

مزید غزلیں از حیدر فکری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں