حیدر علی جعفری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ارتکاب جرم شر کی بات ہے (غزل)
ارتکاب جرم شر کی بات ہے
اور بری ہونا ہنر کی بات ہے
اک کہانی ہے کہ صدیوں پر محیط
سوچنے میں دوپہر کی بات ہے
آئے ٹھہرے اور روانہ ہو گئے
زندگی کیا ہے، سفر کی بات ہے
ایک شعلہ سا لپک کر رہ گیا
یہ حیات مختصر کی بات ہے
ناصحا گر ہو سکے منزل پہ مل
زندگی تو رہگزر کی بات ہے
شادی و غم پر کریں کیا تبصرہ
تیرے میرے سب کے گھر کی بات ہے
راستے تو ہیں مگر منزل نہیں
کیا ہمارے راہ بر کی بات ہے
اب تو دوکانوں پہ بکتی ہے وفا
دوستو افراط زر کی بات ہے
بال و پر ہوتے تو کیوں ہوتے اسیر
قید میں کیوں بال و پر کی بات ہے
مطمئن کوئی نہیں حالات سے
شام کے لب پر سحر کی بات ہے
ہر قوی کو ہے وہاں جانے کا حق
دشت کی اور بحر و بر کی بات ہے
مردنی زائل ہو یا باقی رہے
یہ ترے حسن نظر کی بات ہے
عشق کی انجمن کی بات کریں (غزل)
عشق کی انجمن کی بات کریں
پھر کسی گل بدن کی بات کریں
بھول بھی جائیں تیرگیٔ حیات
مسکراتی کرن کی بات کریں
اس جہاں سے خزاں کا دور گیا
لہلہاتے چمن کی بات کریں
کیا ضروری ہے جوئے شیر کی بات
کیوں نہ گنگ و جمن کی بات کریں
سرخ آنچل میں کسمسائی ہوئی
صبح کی اس دلہن کی بات کریں
ساتھیو گاؤ انقلابی گیت
آؤ دار و رسن کی بات کریں