پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

حفیظ ہوشیارپوری کی غزلیں — Hafeez Hoshiarpuri Ghazals

حفیظ ہوشیارپوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

محبت کرنے والے کم نہ ہوں گے (غزل)

محبت کرنے والے کم نہ ہوں گے

تری محفل میں لیکن ہم نہ ہوں گے

میں اکثر سوچتا ہوں پھول کب تک

شریک گریۂ شبنم نہ ہوں گے

ذرا دیر آشنا چشم کرم ہے

ستم ہی عشق میں پیہم نہ ہوں گے

دلوں کی الجھنیں بڑھتی رہیں گی

اگر کچھ مشورے باہم نہ ہوں گے

زمانے بھر کے غم یا اک ترا غم

یہ غم ہوگا تو کتنے غم نہ ہوں گے

کہوں بے درد کیوں اہل جہاں کو

وہ میرے حال سے محرم نہ ہوں گے

ہمارے دل میں سیل گریہ ہوگا

اگر با دیدۂ پر نم نہ ہوں گے

اگر تو اتفاقاً مل بھی جائے

تری فرقت کے صدمے کم نہ ہوں گے

حفیظؔ ان سے میں جتنا بد گماں ہوں

وہ مجھ سے اس قدر برہم نہ ہوں گے

تمام عمر ترا انتظار ہم نے کیا (غزل)

تمام عمر ترا انتظار ہم نے کیا

اس انتظار میں کس کس سے پیار ہم نے کیا

تلاش دوست کو اک عمر چاہئے اے دوست

کہ ایک عمر ترا انتظار ہم نے کیا

تیرے خیال میں دل شادماں رہا برسوں

ترے حضور اسے سوگوار ہم نے کیا

یہ تشنگی ہے کے ان سے قریب رہ کر بھی

حفیظؔ یاد انہیں بار بار ہم نے کیا

چاندنی رات ہے جوانی پر (نظم)

چاندنی رات ہے جوانی پر

دست گردوں میں ساغر مہتاب

نور بن بن کے چھن رہی ہے شراب

ساقیٔ آسماں پیالہ بدست

میں شراب سرور سے سرمست

فکر دوزخ نہ ذکر جنت ہے

میں ہوں اور تیری پیاری صورت ہے

رس بھرے ہونٹ مدبھری آنکھیں!

کون فردا پہ اعتبار کرے

کون جنت کا انتظار کرے

جانے کب موت کا پیام آئے

یہ مسرت بھی ہم سے چھن جائے

دامن عقل چاک ہونے دے

آج یہ قصہ پاک ہونے دے

غم کو ناپائیدار کر دیں ہم

موت کو شرمسار کر دیں ہم

لب سے لب یوں ملیں کہ کھو جائیں

جذب اک دوسرے میں ہو جائیں

میں رہوں اور نہ تو رہے باقی!

کس قدر دل نشیں ہیں لب تیرے

بادۂ احمریں ہیں لب تیرے

تیرے ہونٹوں کا رس نہیں ہے یہ

آب کوثر ہے انگبیں ہے یہ

شہد کے گھونٹ پی رہا ہوں میں

آج کی رات جی رہا ہوں میں

آج کی رات پھر نہ آئے گی!