پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

حبیب موسوی کی غزلیں — Habeeb Moosavi Ghazals

حبیب موسوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہے نو جوانی میں ضعف پیری بدن میں رعشہ کمر میں خم ہے (غزل)

ہے نو جوانی میں ضعف پیری بدن میں رعشہ کمر میں خم ہے

زمیں پہ سایہ ہے اپنے قد کا کہ جادۂ منزل عدم ہے

یہی ہے رسم جہان فانی اسی میں کٹتی ہے زندگانی

کبھی ہے سامان عیش و راحت کبھی ہجوم غم و الم ہے

بتاؤ کیوں چپ ہو منہ سے بولو گہر فشاں ہو دہن تو کھولو

عزیز رکھتے ہو جس کو دل سے اسی کے سر کی تمہیں قسم ہے

ہٹاؤ آئینہ کو خدارا لبوں پہ آیا ہے دم ہمارا

بناؤ تم دیکھتے ہو اپنا یہاں ہے دھڑکا کہ رات کم ہے

تمہارے کوچہ میں جب سے بیٹھے بھلائے دل سے سبھی طریقے

خدا ہی شاہد جو جانتے ہوں کہاں کلیسا کہاں حرم ہے

عبث ہے کوشش حصول زر میں خیال فاسد کو رکھ نہ سر میں

وہی ملے گا ازل سے جو کچھ ہر ایک کے نام پر رقم ہے

فرشتے جنت کو لے چلے تھے پہ تیرے کوچہ میں ہم جو پہنچے

مچل گئے ان سے کہہ کے چھوڑو ہمیں یہی گلشن ارم ہے

جدا ہو جب یار اپنا ساقی کہاں کی صحبت شراب کیسی

پلائیں گر خضر آب حیواں ہم اس کو سمجھیں یہی کہ سم ہے

جلائے یا ہم کو کوئی مارے بہشت دے یا سقر میں ڈالے

رہے گا اس بت کا نام لب پر ہمارے جب تک کہ دم میں دم ہے

حبیبؔ تا چند فکر دولت کبھی تو کر دل سے شکر نعمت

کریم کو ہے کرم کی عادت مگر یہ غفلت تری ستم ہے

سب میں ہوں پھر کسی سے سروکار بھی نہیں (غزل)

سب میں ہوں پھر کسی سے سروکار بھی نہیں

غافل اگر نہیں ہوں تو ہشیار بھی نہیں

قیمت اگر وہ دیتے ہیں تکرار بھی نہیں

کچھ ہم کو دل کے دینے میں انکار بھی نہیں

نسبت ہے جسم و روح کی اللہ رے اتحاد

سبحہ اگر نہیں ہے تو زنار بھی نہیں

بیٹھا ہوں اس کی یاد میں بھولا ہوں غیر کو

زاہد اگر نہیں ہوں ریاکار بھی نہیں

جائیں وہ قتل غیر کو ہم رشک سے مریں

ایسی تو اپنی جان سے بیزار بھی نہیں

آنا ہو آؤ ورنہ یہ کہہ دو نہ آئیں گے

سن لو یہ دو ہی باتیں ہیں طومار بھی نہیں

سودا تمام ہو گیا بازار اٹھ گیا

وہ دل بھی اب نہیں وہ خریدار بھی نہیں

طرز جفا بھی بھول گئی کیا وفا کے ساتھ

دل دار گر نہیں ہو دل آزار بھی نہیں

لیں گے ہزار در سے پلٹ کر در مراد

منعم نہ دیں تو کیا تری سرکار بھی نہیں

بھیجیں گے حسب حال انہیں گو نہ لکھ سکیں

کیا دامن اور دیدۂ خوں بار بھی نہیں

بلبل چمن کو دیکھ خزاں کے ستم کو دیکھ

گل کا تو ذکر کیا ہے کہیں خار بھی نہیں

آزاد ہیں شراب کے عادی نہیں حبیبؔ

احباب گر پلائیں تو انکار بھی نہیں

مزید غزلیں از حبیب موسوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں