پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

حبیب حیدرآبادی کی غزلیں — Habeeb Hyderabadi Ghazals

حبیب حیدرآبادی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہم اہل آرزو پہ عجب وقت آ پڑا (غزل)

ہم اہل آرزو پہ عجب وقت آ پڑا

ہر ہر قدم پہ کھیل نیا کھیلنا پڑا

اپنا ہی شہر ہم کو بڑا اجنبی لگا

اپنے ہی گھر کا ہم کو پتہ پوچھنا پڑا

انسان کی بلندی و پستی کو دیکھ کر

انساں کہاں کھڑا ہے ہمیں سوچنا پڑا

مانا کہ ہے فرار مگر دل کو کیا کریں

ماضی کی یاد ہی میں ہمیں ڈوبنا پڑا

مجبوریاں حیات کی جب حد سے بڑھ گئیں

ہر آرزو کو پاؤں تلے روندنا پڑا

آگے نکل گئے تھے ذرا اپنے آپ سے

ہم کو حبیبؔ خود کی طرف لوٹنا پڑا

دل تنہا میں اب احساس محرومی نہیں شاید (غزل)

دل تنہا میں اب احساس محرومی نہیں شاید

تری دوری بھی اب دل کے لئے دوری نہیں شاید

جہاں دن میں اندھیرا ہو وہاں راتوں کا کیا کہنا

یہاں کے چاند سورج میں چمک ہوتی نہیں شاید

میں جب بستر سے اٹھتا ہوں تو یوں محسوس ہوتا ہے

مرے اندر کی دنیا رات بھر سوتی نہیں شاید

یہ کس صحرا کے کس گوشے میں خیمہ تان بیٹھے ہیں

کسی بھی سمت کوئی رہ گزر جاتی نہیں شاید

ہم اپنی زندگی کی دھوپ میں تپنے کے عادی ہیں

ہمیں ٹھنڈی ہوا برسوں سے راس آتی نہیں شاید

حبیبؔ اس زندگی کے پیچ و خم سے ہم بھی نالاں ہیں

ہمیں جھوٹے نگینوں کی چمک بھاتی نہیں شاید

مزید غزلیں از حبیب حیدرآبادی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں