حبیب اشعر دہلوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
بے نیازی سے مدارات سے ڈر لگتا ہے (غزل)
بے نیازی سے مدارات سے ڈر لگتا ہے
جانے کیا بات ہے ہر بات سے ڈر لگتا ہے
ساغر بادۂ گل رنگ تو کچھ دور نہیں
نگہ پیر خرابات سے ڈر لگتا ہے
دل پہ کھائی ہوئی اک چوٹ ابھر آتی ہے
تیرے دیوانے کو برسات سے ڈر لگتا ہے
اے دل افسانۂ آغاز وفا رہنے دے
مجھ کو بیتے ہوئے لمحات سے ڈر لگتا ہے
ہاتھ سے ضبط کا دامن نہ کہیں چھٹ جائے
آپ کی پرسش حالات سے ڈر لگتا ہے
میں جو اس بزم میں جاتا نہیں اشعرؔ مجھ کو
اپنے سہمے ہوئے جذبات سے ڈر لگتا ہے
پہلو میں اک نئی سی خلش پا رہا ہوں میں (غزل)
پہلو میں اک نئی سی خلش پا رہا ہوں میں
اس وقت غالباً انہیں یاد آ رہا ہوں میں
کیا چشم التفات کا مطلب سمجھ گیا
کیوں ترک آرزو کی قسم کھا رہا ہوں میں
کیا کچھ نہ تھی شکایت کوتاہیٔ نظر
اب وسعت نگاہ سے گھبرا رہا ہوں میں
تو یہ سمجھ رہا ہے کہ مجبور عشق ہوں
کچھ سوچ کر فریب وفا کھا رہا ہوں میں
مزید غزلیں از حبیب اشعر دہلوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں