حبیب احمر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ڈھونڈنے نکلے تھے اپنا نام کس ارمان سے (غزل)
ڈھونڈنے نکلے تھے اپنا نام کس ارمان سے
ہم صداؤں کے نگر میں رہ گئے انجان سے
انگلیاں یادوں کی تھامے ہم گزرتے ہی گئے
راستے میں موڑ ملتے ہی گئے سنسان سے
دے رہا ہوں عمر کے حاصل کو افسانے کا روپ
ٹوٹتے لمحے بکھرتی ریت کے عنوان سے
دوستوں نے شہ بھی دی ہشیار تھے ہم بھی مگر
فیل گھوڑے پٹ گئے پھر بھی رہے انجان سے
وقت کی جب دھوپ احمرؔ چڑھ گئی دیوار پر
اپنا سایہ دیکھ کے ہم رہ گئے حیران سے
ہر ایک ابر کے ٹکڑے کو بال و پر دے گا (غزل)
ہر ایک ابر کے ٹکڑے کو بال و پر دے گا
شجر شجر کو یہ موسم نیا ثمر دے گا
وہ میری قبر پہ اک مشت خاک دے آیا
جسے تھا دعویٰ کے مانگوں تو بحر و بر دے گا
نہال درد کو اشکوں سے سینچتے رہنا
غموں کی دھوپ میں سایہ یہی شجر دے گا
پتہ شعور کی تہہ میں چھپے صدف کا ہمیں
ہماری ذات میں بنتا ہوا بھنور دے گا
خیال و فکر کو تیری نئی قبا احمرؔ
یہ حرف و صوت نہیں بس ترا ہنر دے گا