گلاب زخمی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
بیتے دن جب بھی یاد آتے ہیں (غزل)
بیتے دن جب بھی یاد آتے ہیں
اشک پلکوں پہ جھلملاتے ہیں
تیری یادوں کے چاند تاروں سے
شب فرقت کو ہم سجاتے ہیں
حال فصل بہار مت پوچھو
پھول کانٹوں میں منہ چھپاتے ہیں
تم جو کہتے ہو صرف کہتے ہو
ہم جو کہتے ہیں کر دکھاتے ہیں
ہم کہ فتنہ فساد کی باتیں
جہاں سنتے ہیں بھول جاتے ہیں
وہی تقسیم کے ہیں ذمے دار
ہم پہ الزام جو لگاتے ہیں
پھر سے تقسیم ہم نہ ہو جائیں
آج حالات یہ بتاتے ہیں
میری انگلی پکڑ کے چلتے تھے
اب مجھے راستہ دکھاتے ہیں
تیرے اشعار ہیں کہ اے زخمیؔ
ذوق والوں سے داد پاتے ہیں
خدا کے واسطے اک بار تو چلے آؤ (غزل)
خدا کے واسطے اک بار تو چلے آؤ
تمہاری راہ میں آنکھیں بچھا رہا ہے کوئی
میں جام کیسے اٹھاؤں بھلا اے بادہ کشو
نگاہ ناز سے مجھ کو پلا رہا ہے کوئی
گلوں پہ قطرۂ شبنم نہیں حقیقت میں
کسی کی یاد میں آنسو بہا رہا ہے کوئی
چلو وہیں پہ ابھی جا کے ہم بھی بس جائیں
سنا ہے پیار کی دنیا بسا رہا ہے کوئی
ہماری شیر و شکر کی طرح محبت میں
لو آج زہر عداوت ملا رہا ہے کوئی
کسی کو خوف جہنم جہاں میں ہے زخمیؔ
اسی جہان کو جنت بنا رہا ہے کوئی