پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

گوپال کرشن شفق کی غزلیں — Gopal Krishn Shafaq Ghazals

گوپال کرشن شفق کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

روز روشن رہیں حالات ضروری تو نہیں (غزل)

روز روشن رہیں حالات ضروری تو نہیں

چاندنی رات ہو ہر رات ضروری تو نہیں

برق گر جائے اگر گھر بھی جلا سکتی ہے

اس کے پہلو میں ہو برسات ضروری تو نہیں

دامن عشق میں رخشاں ہیں ہزاروں خوشیاں

غم ہی ہو عشق کی سوغات ضروری تو نہیں

مست آنکھوں سے بھی ہم پیاس بجھا سکتے ہیں

بخشش‌ میر خرابات ضروری تو نہیں

ہم کو رونا ہے تو رو لیں گے کہیں بھی جا کر

حسن کی بزم طلسمات ضروری تو نہیں

ان کی یادوں سے تخیل کو سجائے رکھیے

ہو کبھی ان سے ملاقات ضروری تو نہیں

دن بدلتے ہیں تو رشتے بھی بدل جاتے ہیں

عمر بھر ان کی عنایات ضروری تو نہیں

اے شفقؔ آپ ہی کچھ صورت اظہار کریں

ان کی جانب سے چلے بات ضروری تو نہیں

رہ گئی لٹ کر بہار زندگی (غزل)

رہ گئی لٹ کر بہار زندگی

زندگی ہے سوگوار زندگی

میری نظروں میں حسیں دھوکا ہے اک

جس کو کہتے ہیں بہار زندگی

کلفتیں کچھ تلخیاں کچھ حادثے

اب یہی ہے یادگار زندگی

مٹ رہا ہو جو کسی کے عشق میں

پھر کہاں اس کو قرار زندگی

تری الفت تیرا غم تیرا خیال

کچھ یہی ہے کاروبار زندگی

اپنا دل ہی جب پرایا ہو گیا

کون ہو اب راز دار زندگی

تیرے دم سے تھی بہاروں میں بہار

اب کہاں ہے وہ بہار زندگی

سوکھے پتوں سے یہ کہتی ہے خزاں

یوں اترتا ہے خمار زندگی

اپنے دامن سے ہوا دیتے رہو

بجھ نہ جائے یہ شرار‌ زندگی

اے شفقؔ کس نے بگاڑا ہے اسے

کون ہے پروردگار زندگی

مزید غزلیں از گوپال کرشن شفق ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں