گیتیش دبے گیت کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
یہ محبت بھی اک سزا تو ہے (غزل)
یہ محبت بھی اک سزا تو ہے
دل معصوم کی خطا تو ہے
شکر ہے گھر میں آئینہ تو ہے
گفتگو کے لئے خلا تو ہے
عشق کے آسماں پہ جا پہنچا
لگ گئی ہے اسے ہوا تو ہے
زخم مل بھی گئے تو کیا غم ہے
تیرا ہونا بھی اک دوا تو ہے
جب لبوں پر ہنسی نمایاں ہو
سمجھو پیچھے کوئی دعا تو ہے
فاصلے یوں نہیں ہوا کرتے
درمیاں کچھ نہ کچھ ہوا تو ہے
جدھر دیکھتا ہوں نظارہ ترا ہے (غزل)
جدھر دیکھتا ہوں نظارہ ترا ہے
اثر بندگی کا ہے یا معجزہ ہے
ورق زندگی کے پلٹتے ہیں جب جب
میں حیرت سے دیکھوں کہ کیا کیا لکھا ہے
یہ موجیں یہ ساحل یہ کشتی یہ دریا
نہ جانے کہاں ناخدا لاپتہ ہے
وہی موڑ ہیں اور وہی رہ گزر بھی
غضب یہ ہے کہ ہر مسافر نیا ہے
لگاتے رہو لاکھ چہرے پہ چہرے
مگر یاد ہو سامنے آئنہ ہے
نہ پنگھٹ نہ رشتے نہ سکھ دکھ کی باتیں
مرا گاؤں اب شہر جو بن گیا ہے
بہکنے لگی ہے زباں اب تو ان کی
یہ دولت و شہرت کا چڑھتا نشہ ہے