پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

گرامی چشتی کی غزلیں — Girami Chishti Ghazals

گرامی چشتی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

سر پہ ڈالے ہوئے وہ گرد ملال آتا ہے (غزل)

سر پہ ڈالے ہوئے وہ گرد ملال آتا ہے

جب اسے میری وفاؤں کا خیال آتا ہے

میں جو چاہوں تو بدل دوں ابھی نظم عالم

کیا کروں تیری مشیت کا خیال آتا ہے

کون ہوتا ہے برے وقت کا ساتھی ہم دم

ایسے عالم میں کسے کس کا خیال آتا ہے

فتنے اٹھ اٹھ کے قدم بوس ہوئے جاتے ہیں

کس قیامت کی وہ چلتے ہوئے چال آتا ہے

کوئی آتا تو ہے تسکین کی خاطر اے دل

وہ نہ آئیں نہ سہی ان کا خیال آتا ہے

ساری دنیا نظر آتی ہے گرامیؔ تاریک

جب مجھے دل کی تباہی کا خیال آتا ہے

راز دل کیا زبان سے نکلا (غزل)

راز دل کیا زبان سے نکلا

گھر کا بھیدی مکان سے نکلا

کیا ملا حال دل بیاں کر کے

کیا نتیجہ بیان سے نکلا

ہو گیا ہم کنار منزل شوق

دل جو وہم و گمان سے نکلا

رات خلوت میں چین سے گزری

دل کا ارمان شان سے نکلا

آ گیا دل کا خون مژگاں پر

در شہوار کان سے نکلا

جب کہا میں نے آپ آئیں گے

یک بیک ہاں زبان سے نکلا

ہوں گے دونوں جہاں تہ و بالا

وہ کبھی لا مکان سے نکلا

وہ یہ کہتے ہیں کھینچ لیں گے زباں

حرف کوئی زبان سے نکلا

آہ یوں دل سے شام غم نکلی

تیر جیسے کمان سے نکلا

لب کھلے رہ گئے سر محفل

کیا کہا کیا زبان سے نکلا

مفت میں اے گرامیؔ خوار ہوئے

کام کیا پاسبان سے نکلا

مزید غزلیں از گرامی چشتی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں