پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

غلام ربانی تاباں کی غزلیں — Ghulam Rabbani Taban Ghazals

غلام ربانی تاباں کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ایک تم ہی نہیں دنیا میں جفاکار بہت (غزل)

ایک تم ہی نہیں دنیا میں جفاکار بہت

دل سلامت ہے تو دل کے لئے آزار بہت

ہائے کیا چیز ہے محرومی و غم کا رشتہ

مل گئے زیست کے ہر موڑ پہ غم خوار بہت

یاد احباب کی خوشبو سے مہکتی شامیں

کچھ کہو ہوتی ہیں کمبخت دل آزار بہت

عشق آوارہ کہاں قید در و بام کہاں

بے نواؤں کے لیے سایۂ دیوار بہت

دل کی رفتار بدل جاتی تھی آواز کے ساتھ

یاد آتا ہے وہ پیرایۂ گفتار بہت

ایک دن وقت بتائے گا جنوں کی عظمت

یوں تو ہم لوگ ہیں رسوا سر بازار بہت

وہ کشاکش ہے کہ جینا بھی ہے دوبھر تاباںؔ

عشق معصوم بہت حسن فسوں کار بہت

زندگی دل پہ عجب سحر سا کرتی جائے (غزل)

زندگی دل پہ عجب سحر سا کرتی جائے

اک جگہ ٹھہری لگے اور گزرتی جائے

آنسوؤں سے کوئی آواز کو نسبت نہ سہی

بھیگتی جائے تو کچھ اور نکھرتی جائے

دیکھتے دیکھتے دھندلا گئے منظر سارے

تیری زلفوں کی طرح شام بکھرتی جائے

بات کا راز کھلے بات کا انداز کھلے

تیرے ہونٹوں سے چلے دل میں اترتی جائے

رفتہ رفتہ کسی گم نام لہو کی تحریر

قاتل شہر کے دامن پہ ابھرتی جائے

ہو کے برباد چلے صحن چمن سے نکہت

دشت و صحرا کی مگر جھولیاں بھرتی جائے

میں نے کب دعویٰ الہام کیا ہے تاباںؔ

لکھ دیا کرتا ہوں جو دل پہ گزرتی جائے

مزید غزلیں از غلام ربانی تاباں ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں