پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

غلام ربانی نعیم کی غزلیں — Ghulam Rabbani Naeem Ghazals

غلام ربانی نعیم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

سوئے ارمانوں کو جگایا کس کی حسن آرائی نے (غزل)

سوئے ارمانوں کو جگایا کس کی حسن آرائی نے

کس کے پرتو سے روشن ہیں دل کے دھندلے آئینے

محفل محفل کیوں نہ تمہارے تیر نظر کا چرچا ہو

کتنی دعائیں دیں ہیں دل کے زخموں کی گہرائی نے

میں جس جانب بھی مڑتا ہوں ان کو سامنے پاتا ہوں

سارے پردے توڑ دئے ہیں اس دل کی بینائی نے

دل کے صحرا سے پھر گزرا قافلہ ان کی یادوں کا

کیسے کیسے جشن منائے آج مری تنہائی نے

نادانی میں ڈوب مرے جو ان کا رنج بھلا کس کو

لیکن جن کو قتل کیا ہے خود اپنی دانائی نے

کچھ تو نعیمؔ اس گلشن کی اب اہل زباں بھی فکر کریں

جس کو سنوارا میرؔ و انیسؔ و غالبؔ اور مینائیؔ نے

غم سے کس نے نجات پائی ہے (غزل)

غم سے کس نے نجات پائی ہے

ہنس کے جی لو تو کیا برائی ہے

بات یہ اب سمجھ میں آئی ہے

خامشی میں بڑی بھلائی ہے

ہم ہیں رونق بڑھانے والوں میں

انجمن آپ نے سجائی ہے

زندگی دور دور ہے ایسے

جیسے اپنی نہیں پرائی ہے

آندھیوں کو کوئی خبر کر دے

ہم نے اک شمع پھر جلائی ہے

اب اسی کو بھلا سمجھ لیجئے

نسبتاً جس میں کم برائی ہے

جب بھی ہم سے نظر ملی ہے نعیمؔ

موت شرما کے مسکرائی ہے

مزید غزلیں از غلام ربانی نعیم ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں