غلام نبی ناظر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
دوستی کا مقام دیکھ لیا (غزل)
دوستی کا مقام دیکھ لیا
جذبۂ انتقام دیکھ لیا
خون قاتل کی خنجر آشامی
قتل کا اہتمام دیکھ لیا
ناؤ کس نے ڈبوئی ساحل کی
ناخدا کا کلام دیکھ لیا
حرف احساس جب ہوا گھائل
شدت التیام دیکھ لیا
آرزوئے عذاب عشق ہے پاس
درد کا التزام دیکھ لیا
ہاتھ اٹھائے دعائے بد کے لئے
ظرف نیل مرام دیکھ لیا
پرزہ پرزہ ملا کے پھاڑ دیا
خط پہ ناظرؔ کا نام دیکھ لیا
زندگی کرتے ہیں اس حال میں مر جاتے ہیں (غزل)
زندگی کرتے ہیں اس حال میں مر جاتے ہیں
ہم تو ہر بار اسی رہ سے گزر جاتے ہیں
یوں شب و روز کے چکر میں سمیٹیں کیا کیا
کچھ تو ان دیکھے بھی لمحات بکھر جاتے ہیں
ہو نہ احساس جنوں کے ہی موافق یہ فضا
یوں تو سائے میں خیالات سنور جاتے ہیں
آج اس بحر تفکر کا تموج دیکھیں
آج اک اور ہی صحرا میں اتر جاتے ہیں
ڈوب مرنا ہی جو ہو تو بھی سفینہ چاہے
لے کے جاتا ہے کنارے کو بھنور جاتے ہیں
اپنی علت کہ ہم ایفا کئے جاتے ہیں وہ عہد
ان کی عظمت کہ وہ ہر آن مکر جاتے ہیں
اور بڑھ جائیں اگر ناخن احساس فراق
زخم گہرے ہوں تو ہوں اور نکھر جاتے ہیں
ہم سے ٹکرانے کے ہیں طور یہیں سے ہو کر
ہمیں معلوم ہے ناظرؔ وہ کدھر جاتے ہیں