غلام مصطفی فراز کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کیف و سرور و مستی ہم سے خود میں ہیں مے خانہ ہم (غزل)
کیف و سرور و مستی ہم سے خود میں ہیں مے خانہ ہم
شیشہ ساغر ساقی مینا جام و سبو پیمانہ ہم
ایک ذرا سی دیر ہوئی کیا اس کی گلی تک جانے میں
تنہائی کی شکل میں اب تک بھرتے ہیں جرمانہ ہم
جانے کون سا جادو تھا اس جھیل سی گہری آنکھوں میں
دل جیسی نایاب سی شے تک دے آئے نذرانہ ہم
جس نے چاہا جیسا چاہا جوڑ لیا اک رشتہ پھر
عشق میں تیرے بھول گئے جب اپنا اور بیگانہ ہم
روئے زمیں کا اک اک منظر اپنی نظر کے دم سے ہے
صحرا اور سمندر ہم ہیں گلشن اور ویرانہ ہم
رفتہ رفتہ مٹ جائیں گے نقش ہماری ہستی کے
دھیرے دھیرے ہو جائیں گے دنیا میں افسانہ ہم
ایک زمانے میں جب ہم تم دونوں ہی جوشیلے تھے (غزل)
ایک زمانے میں جب ہم تم دونوں ہی جوشیلے تھے
اس دنیا کے سارے موسم ٹھنڈے تھے برفیلے تھے
دیکھنے والے مال و زر کیا جان لٹایا کرتے تھے
خد و خال بدن کے کتنے مہنگے تھے خرچیلے تھے
سامنے اس کے جاتے تھے تو مہر بہ لب رہ جاتے تھے
باہر سے ہم شوخ بہت تھے اندر سے شرمیلے تھے
قسمت کا یہ کھیل بھی دیکھو کھیل کی جب تک عمر رہی
کوزہ گر کے چاک سے اترے سارے کھلونے گیلے تھے
پھول سی باتیں پھول سا لہجہ پھول سے لب تھے پھول سے گال
لیکن شاخ بدن کے سارے خار بہت نوکیلے تھے
ان آنکھوں میں صحرا کی اب ریت چمکتی رہتی ہے
ان آنکھوں میں جن آنکھوں کے خواب بہت چمکیلے تھے