غزالہ تبسم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کھو گئے جانے کہاں پیار لٹانے والے (غزل)
کھو گئے جانے کہاں پیار لٹانے والے
یاد آتے ہیں بہت لوگ پرانے والے
اتنی مہنگائی میں بچتا ہی نہیں کچھ صاحب
نوکری ایک ہے اور چار ہیں کھانے والے
جن کو پایا تھا سکوں چین گنوا کر ہم نے
سارے تمغے ہیں محض روم سجانے والے
کچھ بھی آسانی سے حاصل نہیں ہوتا ہے یہاں
تھے قطاروں میں کھڑے صبح سے پانے والے
اک تسلی کے سوا اور نہ دے پائے تھے کچھ
آج بھی چبھتے ہیں آنسو مجھے شانے والے
کھوکھلے رسموں رواجوں نے جتایا اکثر
ہاتھیوں کے ہی نہیں دانت دکھانے والے
کیسا انصاف کیا کرتا ہے اوپر والا
بھیگتے رہتے ہیں خود چھاؤنی چھانے والے
جیسے چمن میں ہو کھلا پہلا گلاب (غزل)
جیسے چمن میں ہو کھلا پہلا گلاب
آنکھیں کنول جوہی سے لب لہجہ گلاب
بوسہ جبیں کا دے گیا احساس یہ
ہاتھوں میں لے کے جیسے ہو چوما گلاب
مائل نہ کرتے قیمتی تحفے مجھے
دل جیتنا ہے جو میرا تو لا گلاب
گستاخ دل تھا آنکھوں کی تھی کیا خطا
تھا حکم دل کا ہاتھوں نے توڑا گلاب
ہے آج بھی جو شے مرے دل کے قریب
کچھ خط تمہارے اور اک سوکھا گلاب
پوچھی کسی نے آج پھر میری پسند
بے ساختہ لب سے مری نکلا گلاب