پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

غوث خواہ مخواہ حیدرآبادی کی غزلیں — Ghaus Khah Makhah Hyderabadi Ghazals

غوث خواہ مخواہ حیدرآبادی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

لمحوں میں زندگی کا سفر یوں گزر گیا (غزل)

لمحوں میں زندگی کا سفر یوں گزر گیا

سائے میں جیسے کوئی مسافر ٹھہر گیا

مخمور تھا نشے میں غم روزگار کے

ہوش آ گیا تو عمر کا پیمانہ بھر گیا

دولت بھی اس کے ہاتھ نہ آئی تمام عمر

کچھ نام ہی نہ اپنا زمانے میں کر گیا

سب اس کے خیر خواہ بلندی پہ رہ گئے

شہرت کی سیڑھیوں سے وہ نیچے اتر گیا

موقعہ پرست آب و ہوا میں نہ جی سکا

اپنی انا کی قید میں جاں سے گزر گیا

موت اس کی ساری مشکلیں آسان کر گئی

اک بوجھ زندگی کا تھا سر سے اتر گیا

افسوس کم ہوا مگر حیرت بہت ہوئی

جب ؔخواہ مخواہ عین ضعیفی میں مر گیا

وعدہ کیا کسی بات کے پابند نہیں ہیں (غزل)

وعدہ کیا کسی بات کے پابند نہیں ہیں

بوڑھے ہیں نا جذبات کے پابند نہیں ہیں

خوابوں میں نکل جاتے ہیں ارمان ہمارے

ہم دن میں ملاقات کے پابند نہیں ہیں

بے وجہ بھی آنکھوں میں امڈ آتے ہیں اکثر

سیلاب جو برسات کے پابند نہیں ہیں

حالات کی گردش رہی پابند ہماری

ہم گردش حالات کے پابند نہیں ہیں

جب وقت کے پابند نہیں آپ تو ہم بھی

پابندئ اوقات کے پابند نہیں ہیں

ہم رند خرابات ہیں جو چاہے پئیں گے

ساقی کی ہدایات کے پابند نہیں ہیں

زنجیر لئے پاؤں میں پھرتے ہیں سر راہ

دیوانے حوالات کے پابند نہیں ہیں

حاکم نے کہا ہے کہ وہی حکم کو ٹالیں

جو مرگ مفاجات کے پابند نہیں ہیں

مفہوم شب وصل کا سمجھایا تو بولے

ہم ایسی کسی رات کے پابند نہیں ہیں

یہ دور ترقی کا ہے ہم شرم و حیا کی

فرسودہ روایات کے پابند نہیں ہیں

ہم ؔخواہ مخواہ پابند ہیں آتے ہوئے پل کے

گزرے ہوئے لمحات کے پابند نہیں ہیں

ہے یہی دستور دنیا اور یہی دیکھا گیا (نظم)

ہے یہی دستور دنیا اور یہی دیکھا گیا

پھول سے خوشبو نکلتے ہی اسے پھینکا گیا

باغ ہندوستان جن جن کے خون سے سینچا گیا

دار ناقدری پہ بالآخر انہیں کھینچا گیا

زندگی میں مل گئے کتنوں کو سرکاری خطاب

مفت میں ان کو خریدا مفت میں بیچا گیا

مرنے والوں کو بھی ہر اعزاز پارلیمنٹ میں

اہتماماً وارثوں کے ہاتھ میں سونپا گیا

تھے رقم جن میں جہاد و جنگ آزادی کے باب

طاق نسیاں میں انہی اوراق کو پھینکا گیا

ہند کی تاریخ کا باب درخشاں پوچھئے

کیوں سیاسی مصلحت کی آگ میں جھونکا گیا

ملک میں فرقہ پرستوں کی ہوا چل ہی گئی

نہ کسی نے سرزنش کی نہ انہیں ٹوکا گیا

تنگ نظری بغض اور نفرت بھرے ترشول کو

پیٹھ میں انسانیت کی اس طرح گھونپا گیا

حضرت آزادؔ کو اعزاز بھارت رتن کا

ؔخواہ مخواہ ان کے پتے پر ڈاک سے بھیجا گیا