پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

غیبی جونپوری کی غزلیں — Ghaibi Jaunpuri Ghazals

غیبی جونپوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

جن کا اونچا مقام ہوتا ہے (غزل)

جن کا اونچا مقام ہوتا ہے

ان کا دنیا میں نام ہوتا ہے

ہم نے دیکھا ہے میکدے کے سوا

ہر جگہ خاص و عام ہوتا ہے

خون بہتا ہے بے گناہوں کا

جب کہیں قتل عام ہوتا ہے

اس کو خوشیاں کبھی نہیں ملتیں

جو ہوس کا غلام ہوتا ہے

دوریاں قربتوں میں ڈھلتی ہیں

جب سلام و پیام ہوتا ہے

کوئی ذرہ کبھی کہاں غیبیؔ

قابل احترام ہوتا ہے

خدا جانے کہاں یہ فکر کا رہوار لے جائے (غزل)

خدا جانے کہاں یہ فکر کا رہوار لے جائے

سمندر میں ڈبا دے یا سمندر پار لے جائے

لگانا ہو جسے اپنے سفینے کو کنارے سے

میں دے دوں گا مگر وہ مانگ کر پتوار لے جائے

میں یوسف تو نہیں لیکن زلیخائے جہاں سن لیں

نہ ہو جس کو یقیں مجھ کو سر بازار لے جائے

بھکاری بن کے آتا ہوں کبھی یہ آپ نے سوچا

کہاں تک آپ کے در سے کوئی انکار لے جائے

وہ میری نفرتوں سے ختم کر کے واسطہ اپنا

کوئی دشمن بھی ہو میرا تو مجھ سے پیار لے جائے

یہ باتیں ہیں الگ سانسیں مری تھمنے کو ہیں لیکن

میں جب تک ہوں دوا صحت کی ہر بیمار لے جائے

یقیں ہے جیت لے گا دل وہ سارے سننے والوں کا

اگر محفل میں غیبیؔ کو کوئی اک بار لے جائے

مزید غزلیں از غیبی جونپوری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں