غواص قریشی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اگر ہو چشم حقیقت تو دیکھ کیا ہوں میں (غزل)
اگر ہو چشم حقیقت تو دیکھ کیا ہوں میں
فنا کے رنگ میں اک جوہر بقا ہوں میں
طلسم بند سے مشکل رہائی ہے دل کی
حصار چشم فسوں ساز میں گھرا ہوں میں
مٹا مٹا کے مجھے ایک دن مٹا دے گا
زمانہ ساز تری چال جانتا ہوں میں
کمال عشق تصور ہے اوج پر ایسا
ترے جمال کو ہر شے میں دیکھتا ہوں میں
مری تلاش میں گم ہیں مسافران عدم
حدود وہم سے آگے نکل گیا ہوں میں
تلاش جس کی ہے ہر اک کو میں وہ منزل ہوں
جو طے نہ کر سکے کوئی وہ مرحلہ ہوں میں
تلاش جس کی مجھے کھو چکی ہے اے غواصؔ
اسی کو بحر تحیر میں ڈھونڈھتا ہوں میں
انتظار دید میں یوں آنکھ پتھرائی کہ بس (غزل)
انتظار دید میں یوں آنکھ پتھرائی کہ بس
مرتے مرتے وہ ہوئی عالم میں رسوائی کہ بس
دیکھ کر شبنم کی حالت ہنس پڑی نو رس کلی
دو گھڑی پتوں پہ رہ کر اتنا اترائی کہ بس
دل کی دھڑکن بڑھ گئی آنکھوں میں آنسو آ گئے
اک ذرا سی بات پر اتنی ہنسی آئی کہ بس
موت کو بھی مرنے والے پر ترس آ ہی گیا
اس طرح چڑھتی جوانی میں قضا آئی کہ بس
بات کیسی اب تو ہونٹوں پر ہے آہوں کا ہجوم
چوٹ کھانے پر بھی ایسی چوٹ پر کھائی کہ بس
توبہ کرنے کو تو کر لی حضرت غواصؔ نے
یک بیک گردوں پہ وہ کالی گھٹا چھائی کہ بس