پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

گوہر ہوشیارپوری کی غزلیں — Gauhar Hoshiyarpuri Ghazals

گوہر ہوشیارپوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کیسے ڈوبا ڈوب گیا (غزل)

کیسے ڈوبا ڈوب گیا

ڈوبنے والا ڈوب گیا

کیسی نیک کمائی تھی!

پیسہ پیسہ ڈوب گیا

ناؤ نہ ڈوبی دریا میں

ناؤ میں دریا ڈوب گیا

لوگ کنارے آن لگے

اور کنارہ ڈوب گیا

بارش اس نے بھیجی تھی

شہر ہمارا ڈوب گیا

ساری رات بتا ڈالی

تارہ تارہ ڈوب گیا

گوہرؔ پورا خواب سنا

پانی میں کیا ڈوب گیا

دکھی دلوں میں، دکھی ساتھیوں میں رہتے تھے (غزل)

دکھی دلوں میں، دکھی ساتھیوں میں رہتے تھے

یہ اور بات کہ ہم مسکرا بھی لیتے تھے

وہ ایک شخص برائی پہ تل گیا تو چلو

سوال یہ ہے کہ ہم بھی کہاں فرشتے تھے

اور اب نہ آنکھ نہ آنسو نہ دھڑکنیں دل میں

تمہی کہو کہ یہ دریا کبھی اترتے تھے

جدائیوں کی گھڑی نقش نقش بولتی ہے

وہ برف بار ہوا تھی، وہ دانت بجتے تھے

اب ان کی گونج یہاں تک سنائی دیتی ہے

وہ قہقہے جو تری انجمن میں لگتے تھے

وہ ایک دن کہ محبت کا دن کہیں جس کو

کہ آگ تھی نہ تپش بس سلگتے جاتے تھے

کہاں وہ ضبط کے دعوے کہاں یہ ہم گوہرؔ

کہ ٹوٹتے تھے نہ پھر ٹوٹ کر بکھرتے تھے

مزید غزلیں از گوہر ہوشیارپوری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں