فطرت انصاری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
نئے جہاں میں پرانی شراب لے آئے (غزل)
نئے جہاں میں پرانی شراب لے آئے
اندھیری رات میں ہم آفتاب لے آئے
مرے یقین میں گنجائش دلیل نہیں
جواز ڈھونڈنے والے کتاب لے آئے
پڑے تھے ایک ہی عالم میں اہل مے خانہ
شکست جام سے ہم انقلاب لے آئے
وہ کامیاب محبت ہیں جو ترے در سے
خود اپنے آپ کو نا کامیاب لے آئے
تمام عمر جو چھایا رہے گا آنکھوں میں
تمہاری بزم سے ہم ایسا خواب لے آئے
یہاں تو ایک بھی غم آشنا نہیں اپنا
فرشتے مجھ کو کہاں بے نقاب لے آئے
حیات عشق میں ہم توڑ کر قیود وفا
کسی بھی طور سہی انقلاب لے آئے
وہی سفینے جو طوفاں شناس تھے فطرت
سکوت شہر میں اک اضطراب لے آئے
نگاہ حسن کی تاثیر بن گیا شاید (غزل)
نگاہ حسن کی تاثیر بن گیا شاید
خیال ذہن میں زنجیر بن گیا شاید
وہ ایک نام جو تم نے مٹا دیا ہے ابھی
جبین وقت پہ تحریر بن گیا شاید
مری نگاہ میں نا معتبر تھا جس کا وجود
وہ فاصلہ مری تقدیر بن گیا شاید
خود اپنا چہرہ بھی اب تو نظر نہیں آتا
ہر آئنہ تری تصویر بن گیا شاید
رہ خلوص میں فطرت تھی جس کی مستحکم
وہ سنگ میل بھی رہ گیر بن گیا شاید