فیروزہ یاسمین کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ان کا انداز بیاں اور اثر تو دیکھو (غزل)
ان کا انداز بیاں اور اثر تو دیکھو
گفتگو کا یہ سلیقہ یہ ہنر تو دیکھو
زخم پر مرہم امید رکھا ہے میں نے
دیکھنے والو مرا زخم جگر تو دیکھو
کہہ رہی ہے مرے کانوں میں گزرتی ہوئی شام
یہ مرا حوصلہ یہ عزم سفر تو دیکھو
آئے تو ہیں مرے نزدیک وہ تھوڑا سا مگر
ان کا بیگانہ سا انداز نظر تو دیکھو
شب تاریک بھی لائی ہے اجالوں کے پیام
چھت پہ پھیلی ہوئی یہ اجلی سحر تو دیکھو
یاسمیںؔ چاند ستاروں سے کہا ہے میں نے
آؤ میرا حسیں بھوپال نگر تو دیکھو
ان کا وعدہ وفا نہیں ہوتا (غزل)
ان کا وعدہ وفا نہیں ہوتا
دل کہ پھر بھی خفا نہیں ہوتا
لاکھ توڑے زمانہ جور و ستم
کس کا آخر خدا نہیں ہوتا
ہم سجا لیتے خواب کے تنکے
آشیاں گر جلا نہیں ہوتا
ہم بھی راہ وفا سے ہٹتے اگر
تم کو اپنا کہا نہیں ہوتا
عشق ہوتا اگر نہ دنیا میں
زندگی میں مزا نہیں ہوتا
مجھے محبت ہے حسین چہروں سے (نظم)
مجھے محبت ہے حسین چہروں سے
حسیں پھولوں سے
لہلہاتے سبزہ زاروں سے
گنگناتے آبشاروں سے
مجھے محبت ہے
اپنوں سے پیاروں سے
غم سے غمگساروں سے
انساں سے انساں کے پرستاروں سے
محبت کو الزام نہ دو
ہوس کا نام نہ دو
محبت اک جذبہ ہے محبت کا
زمیں سے آسماں سے
چاند تاروں سے
دنیا سے دنیا کے خالق سے