فداء المصطفیٰ فدوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
رات اندھیری شہر کی گلیوں میں اب سناٹا ہوگا (غزل)
رات اندھیری شہر کی گلیوں میں اب سناٹا ہوگا
کیا گھر کی دہلیز پہ اب تک روشن کوئی دیا ہوگا
میرا خالی کمرہ میری راہ تکے گا رات تمام
گھر سے باہر رات گزاروں گا تو وہ تنہا ہوگا
میں وہ شجر ہوں جس کو اپنے گرنے کا افسوس نہیں
مجھ پہ بسیرا کرتے ہیں جو پنچھی ان کا کیا ہوگا
میں نہ رہوں گا میری باتیں یاد تمہیں جب آئیں گی
رنگ کبھی رخسار کا اڑ جائے گا کبھی گہرا ہوگا
آگ کے اس پیکر کو خود اپنی آگ میں جلتے دیکھا ہے
تم نے سمندر میں سورج کو ڈوبتے کب دیکھا ہوگا
دشت ہوس میں دوڑتے پھرنے سے کام تھا (غزل)
دشت ہوس میں دوڑتے پھرنے سے کام تھا
خواہش کا اسپ تیز بھی کیا بے لگام تھا
پر پھڑپھڑائے اڑنے کی ہمت نہ کر سکے
بس اک اڑان بھرنے میں قصہ تمام تھا
جو نشۂ حیات سے سرشار تھا کبھی
ہاتھوں میں زندگی کا لیے خالی جام تھا
ملک عدم روانہ ہوئے رہروان شوق
تھا کوئی سست رو تو کوئی تیز گام تھا
کب مستقل قیام کسی کا یہاں رہا
مہماں سرا میں ایسا کہاں اہتمام تھا