پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

فضل تابش کی غزلیں — Fazl Tabish Ghazals

فضل تابش کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

نہ کر شمار کہ ہر شے گنی نہیں جاتی (غزل)

نہ کر شمار کہ ہر شے گنی نہیں جاتی

یہ زندگی ہے حسابوں سے جی نہیں جاتی

یہ نرم لہجہ یہ رنگینئ بیاں یہ خلوص

مگر لڑائی تو ایسے لڑی نہیں جاتی

سلگتے دن میں تھی باہر بدن میں شب کو رہی

بچھڑ کے مجھ سے بس اک تیرگی نہیں جاتی

نقاب ڈال دو جلتے اداس سورج پر

اندھیرے جسم میں کیوں روشنی نہیں جاتی

ہر ایک راہ سلگتے ہوئے مناظر ہیں

مگر یہ بات کسی سے کہی نہیں جاتی

مچلتے پانی میں اونچائی کی تلاش فضول

پہاڑ پر تو کوئی بھی ندی نہیں جاتی

جن خوابوں سے نیند اڑ جائے ایسے خواب سجائے کون (غزل)

جن خوابوں سے نیند اڑ جائے ایسے خواب سجائے کون

اک پل جھوٹی تسکیں پا کر ساری رات گنوائے کون

یہ تنہائی یہ سناٹا دل کو مگر سمجھائے کون

اتنی بھیانک رات میں آخر ملنے والا آئے کون

سنتے ہیں کہ ان راہوں میں مجنوں اور فرہاد لٹے

لیکن اب آدھے رستے سے لوٹ کے واپس جائے کون

سنتے سمجھتے ہوں تو ان سے کوئی اپنی بات کہے

گونگوں اور بہروں کے آگے ڈھول بجانے جائے کون

اس محفل میں لوگ ہیں جتنے سب کو اپنا رونا ہے

تابشؔ میں خاموش طبیعت میرا حال سنائے کون

اس گلی کا سرا بھی کہیں کی سڑک پر ہی اگلے گا (نظم)

اس گلی کا سرا بھی کہیں کی سڑک پر ہی اگلے گا

تاریک منہ پھاڑتی

اس گلی میں اتر جاؤ

گہرے اتر جاؤ

بدبو دماغوں میں بھرتی ہے

بھر جائے غم مت کرو

پیپ خون اور معدے کی سب گندگی

صاف کپڑوں پہ آتی ہے

آ جائے غم مت کرو

اس گلی میں اڑ کر بھٹکنا ہے ٹکراتے پھرنا ہے

کھو جاؤ ٹکراؤ غم مت کرو

موت ماں کی طرح ساتھ ہے

موت

بدبو اندھیرا تھکن پیپ خوں اور معدے کی سب گندگی کو

نگل جائے گی

آگے بڑھو

اور گہرے اتر جاؤ

مزید غزلیں از فضل تابش ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں